یو ای ٹی لاہور میں گلوبل ہینڈ واشنگ ڈے منایا گیا

  • October 15, 2016 6:42 pm PST
taleemizavia single page

لاہور

یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں ہاتھ دھونے کا عالمی دن منایا گیا اور اس دن یونیورسٹی کے طلباء نے ہاتھ دھونے کا مظاہرہ بھی کیا۔

یو ای ٹی کی میڈیا سوسائٹی کے تحت یہ دن منایا گیا۔

سوسائٹی کے ایڈوائزر ڈاکٹر تنویر قاسم کا کہنا ہے کہ 2008ء میں پہلی بار عالمی سطح پر یہ دن منایا گیا تھا۔

ایک رپورٹ کے مطابق اُس وقت دُنیا کے 70 ملکوں کے 120 ملین بچوں نے ہاتھ دھو کر یہ دن منایا تھا۔

تنویر قاسم کا کہنا ہے کہ اس سال یہ دن میک ہینڈ واشنگ ہیبٹ کے عنوان کے تحت منایا جارہا ہے۔ ہاتھ دھونے کی عادت کو اپنا کر بے شمار بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ واش روم کے بعد اور کھانا کھانے سے پہلے ہاتھ دھونے کی عادت صحت مند کام ہے۔

یو ای ٹی کے طلباء میں اس دن کی مناسبت سے جو سرگرمی کرائی گئی اُس کا مقصد بھی یہی تھا۔ ہاتھ دھونے میں صابن کا استعمال انتہائی جراثیم کُش عمل ہے اور اسے جراثیم سے بچنے کا محفوظ طریقہ بھی بتایا جاتا ہے۔

تنویر قاسم کے مطابق اسلام کی بنیادی تعلیمات میں ہاتھ دھونا بھی بہترین سُنت ہے اور صحت مند زندگی گزارنے کے لیے ہمیں اسے اپنی زندگی کا پسندیدہ عمل بنانا ہوگا۔

یو ای ٹی کی میڈیا سوسائٹی نے ہینڈ واشنگ ڈے کے موقع پر یونیورسٹی کے طلباء میں پمفلٹس بھی تقسیم کیے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *