پنجاب کی 19یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز بھرتیوں کا پراسس چیلنج
- May 8, 2023 12:41 pm PST
لاہور: شاہ زیب علی
پنجاب کی سرکاری یونیورسٹیوں میں مستقل وائس چانسلرز کی بھرتی کیلئے 5 مئی تک درخواستیں طلب کی گئی تھیں، نگران حکومت کی جانب سے نئے وائس چانسلرز کی بھرتیوں کے پراسیس کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔ درخواست گزار الطاف یونس کی جانب سے ایڈووکیٹ اجمل خان کاکڑ عدالت میں پیش ہوئے۔
وائس چانسلرز بھرتی کے خلاف کیس کی سماعت لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے کی۔ پنجاب کی نگران حکومت نے اخبارات میں وائس چانسلرز بھرتیوں کے لیے اشتہارات جاری کیے تھے، درخواست گزاروں سے 5 مئی تک اپلائی کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
ایڈووکیٹ اجمل خان کاکڑ نے موقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن ایکٹ 2017ء کے تحت نگران حکومت اہم پالیسی امور پر فیصلہ سازی کرنے کی مجاز نہیں جبکہ سرکاری عہدیداروں کی پرموشن اور تقرریاں کرنے کی مجاز نہیں ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے اسی قانون کے تحت، نگران حکومت کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے نگران حکومت کو وائس چانسلرز کی بھرتیوں پر نوٹس جاری کر دیا ہے اور 11 مئی تک جواب جمع کرانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔