سرگودھا یونیورسٹی کے پانچ سب کیمپسز بند کرنے کی منظوری

  • September 25, 2018 9:41 pm PST
taleemizavia single page

فیصل آباد

یونیورسٹی آف سرگودھا نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت قائم ہونے والے پانچ سب کیمپسز کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں یونیورسٹی سنڈیکیٹ سے منظوری بھی حاصل کر لی گئی ہے۔

یونیورسٹی آف سرگودھا کا لاہور کیمپس، لائل پور کیمپس فیصل آباد، ویمن سب کیمپس فیصل آباد، گجرانوالہ سب کیمپس، منڈی بہاؤ الدین سب کیمپس کو بند کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

یونیورسٹی سنڈیکیٹ نے مذکورہ پانچوں کیمپس کی انتظامیہ، ڈائیریکٹرز اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز کو آگاہ کیا ہے کہ وہ رواں سال نئے داخلے کرنے کے مجاز نہیں ہوں گے اور نئے داخلوں پر پاپندی عائد کر دی گئی ہے۔

سرگودھا یونیورسٹی کی جانب سے اس ضمن میں سٹوڈنٹ الرٹ بھی جاری کر دیا ہے جس میں انتباہ کیا گیا ہے کہ والدین اپنے بچوں کو مذکورہ کیمپس میں داخل مت کرائیں اور طلباء ان کیمپسز میں داخلہ لینے سے گریز کریں۔

سرگودھا یونیورسٹی نے اعلامیہ جاری کیا ہے کہ سب کیمپسز میں زیر تعلیم اور رجسٹرڈ طلباء اپنی تعلیم جاری رکھیں گے اور انھیں ڈگریاں جاری کی جائیں گی۔ اعلامیہ کے مطابق صرف مین کمیپس سے رجسٹرڈ طلباء کو ہی ڈگریاں جاری ہوں گی۔

پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سرگودھا یونیورسٹی نے 2012ء میں سب کیمپسز کھولنے کی منظوریاں دی تھیں اور مالدار افراد نے یونیورسٹیاں بنانے کے لیے سرمایہ کاری کی۔

آج فیصل آباد اور لاہور سب کیمپس کے طلباء ڈگریاں نہ ملنے کے خلاف سراپا احتجاج رہے ہیں اور دونوں شہروں کی ٹریفک بدترین جام رہی۔ لاہور کینال روڈ پر مظاہرے کے باعث پورے شہر میں 10 گھنٹے تک ٹریفک جام رہا۔ دوسری جانب دونوں کیمپسز کی انتظامیہ نے اپنے موبائل فون بند کر کے کیمپسز سے فرار ہوگئے ہیں۔ محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب احتجاجی طلباء کے مسائل کو حل کرنے کے لیے انتظامیہ سے رابطہ کرتے رہے۔

پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کھلنے والے ان کیمپسز میں مجموعی طور پر 14 مضامین میں ڈگریاں کرائی جارہی ہیں جس میں فزکس، کیمسٹری، کامرس، کمپیوٹر سائنس، سائیکالوجی، بزنس ایڈمنسٹریشن، فزیکل تھراپی، ماس کیمونیکیشن، اکنامکس، اسلامیات، سوشیالوجی اور ریاضی کے مضمون شامل ہیں۔

سرگودھا یونیورسٹی مین کیمپس کی جانب سے سب کیمپسز کو بند کرنے کی کوئی واضح وجوہات بیان نہیں کی گئیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *