دو سالہ ایم اے ایم ایس سی ڈگری میں داخلوں کا اعلان
- November 29, 2022 9:17 am PST

لاہور: نمائندہ خصوصی
پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک کونسل نے یونیورسٹی کے تحت ماسٹر ڈگری پروگرامز میں داخلوں کا اعلان کیا ہے اور اکیڈمک کونسل نے دو سالہ ایم اے ایم ایس سی میں رجسٹریشن کھول دی ہے۔
پنجاب یونیورسٹی رجسٹرار کی جانب سےجاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پرائیویٹ طلباء وطالبات اب دو سالہ ایم اے ایم ایس سی کی ڈگریوں میں داخلہ حاصل کر سکتے ہیں۔
پنجاب یونیورسٹی کی نئی انتظامیہ نے اکیڈمک کونسل کے اپریل 2021ء اور اگست 2021ء میں ہونے والے فیصلوں کو بھی منسوخ کر دیا ہے جس کے تحت انڈرگریجویٹ پالیسی 2020ء کو نافذ کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے دو سالہ بی اے بی ایس سی اور ایم اے ایم ایس سی ڈگریوں پر پاپندی عائد کر دی تھی اور یونیورسٹیوں کو 2021ء کے بعد دو سالہ ایم اے ایم ایس سی میں داخلے کرنے سے روک دیا تھا۔
پنجاب یونیورسٹی کے اس فیصلے پر ، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا کہنا ہے کہ دو سالہ ایم اے ایم ایس سی میں داخلوں سے متعلق یونیورسٹی کے فیصلے پر کارروائی کی جائے گی۔
