پنجاب یونیورسٹی میں تنظیم اساتذہ کے قومی اجتماع پر اے ایس اے کا احتجاج

  • October 18, 2017 10:42 pm PST
taleemizavia single page

لاہور

تنظیم اساتذہ پاکستان کا سالانہ قومی کنونشن پنجاب یونیورسٹی میں منعقد کیا جارہا ہے جس کی افتتاحی تقریب کی صدارت قائمقام وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر کریں گے اس قومی اجتماع کی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن نے سخت مخالفت کر دی ہے۔

اے ایس اے نے یونیورسٹی میں تنظیم اساتذہ کے اجتماع پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور اس اجتماع کو روکنے کے لیے احتجاجی مہم چلانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر جاوید سمیع کا اس اجتماع پر کہنا ہے کہ جامعہ میں سیاسی تنظیم کا جلسہ غیر قانونی ہے اور اے ایس اے وائس چانسلر کی اس اجتماع کے لیے معاونت کی سخت مخالفت و مذمت کرتی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ تنظیم اساتذہ جماعت اسلامی کی ذیلی تنظیم ہے اور وہ یونیورسٹی وسائل کی بنیاد پر اپنا اجتماع کرنے جا رہے ہیں جسے روکا جائے گا۔

اپنے بیان میں جاوید سمیع نے کہا ہے کہ اگر تنظیم اساتذہ اپنا قومی اجتماع یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں سرکاری وسائل سے کرتی ہے تو پھر مستقبل میں دیگر سیاسی جماعتیں بھی اپنے اجتماعات منعقد کرنے پر اسرار کریں گی جس کی یونیورسٹی متحمل نہیں ہوسکتی۔

tanzeem e asatiza

اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو باڈی کے اجلاس میں بحث کی گئی کہ وائس چانسلر یونیورسٹی میں جماعت اسلامی اور اسلامی جمعیت طلباء کو مضبوط کرنے کی سازش کر رہے ہیں جسے یونیورسٹی اساتذہ برداشت نہیں کریں گے۔

اے ایس اے نے قائمقام وائس چانسلر کے اس فیصلے پر سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے اور وائس چانسلر کے خلاف وزیر اعلیٰ پنجاب کے پاس جانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا ماننا ہے کہ تنظیم اساتذہ کو اپنا اجتماع منصورہ میں یا پھر کسی اور مقام پر منتقل کر دینا چاہیے، سرکاری وسائل کا استعمال کر کے یہ اجتماع نہیں ہونا دیا جائے گا۔

دوسری جانب یہ اطلاع ہے کہ تنظیم اساتذہ کے اس اجتماع میں صدر پاکستان ممنون حسین کو مدعو کیا گیا تھا تاہم وہ اس اجتماع میں شرکت نہیں کریں گے۔ اس اجتماع میں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال، وزیر مملکت برائے تعلیم بلیغ الرحمن کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ تنظیم اساتذہ کے اس سالانہ اجتماع میں پاکستان بھر سے سرکاری کالجوں کے اساتذہ شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس میں 21 اکتوبر سے تنظیم اساتذہ کا اجتماع منعقد ہورہا ہے جس میں جماعت اسلامی کی لیڈر شپ کو بھی مدعو کیا گیا ہے جو اساتذہ سے خطاب کرے گی۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *