پنجاب یونیورسٹی: پی ایچ ڈی داخلوں میں گھپلے ثابت، طلباء کو 10 اضافی نمبرز ملیں گے

  • December 9, 2017 2:29 pm PST
taleemizavia single page

لاہور

پنجاب یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ آف کیمونیکیشن اسٹڈیز میں پی ایچ ڈی داخلوں میں گھپلوں کے لیے قائم کردہ انکوائری کمیٹی نے بے قاعدگیوں کو درست قرار دے دیا ہے۔

انکوائری کمیٹی کی رپورٹ میں پی ایچ ڈی کے داخلہ ٹیسٹ میں جانچ پڑتال کے مرحلے میں سنگین بد عنوانیوں کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام اُمیدواروں کو دس نمبرز اضافی دیے جائیں۔

اُمیدواروں کو دس اضافی نمبرز ملنے کے بعد تیرہ مزید اُمیدواروں کے نام بھی میرٹ لسٹ میں شامل ہونے کا امکان ہے۔

پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان خرم شہزاد نے پی ایچ ڈی میں داخلوں کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں رٹ کر رکھی تھی کہ پی ایچ ڈی کے انٹری ٹیسٹ میں اُںہیں ذاتی عناد کا نشانہ بنایا گیا ہےاور سوالات کے درست جوابات دینے کے باوجود اُںہیں نمبر نہیں دیے گئے۔

عدالت نے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے ڈین پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر زکریا ذاکر کو معاملے کی تحقیقات کر کے سپیکنگ آرڈر کے ذریعے معاملہ نمٹانے کا حکم دیا تھا۔

وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے اُمیدواروں کو میرٹ کے مطابق انصاف کی فراہمی اور داخلوں میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے انکوائری کمیٹی قائم کی تھی۔لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات کی چیئرپرسن ڈاکٹر انجم ضیاء کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی قائم کی گئی۔

انکوائری کمیٹی میں خرم شہزاد نے 9 سوالات پر اعتراض اُٹھائے اور جانچ پڑتال کے مرحلے میں غلطیوں کی نشاندہی کی اور اس حوالے سے متعلقہ کتابوں اور ریسرچ کے حوالہ جات بھی جمع کرائے گئے۔

انکوائری کمیٹی نے متعلقہ ریکارڈ کی سکروٹنی کے بعد خرم شہزاد کے الزامات کو درست قرار دیتے ہوئے اُمیدواروں کو دس نمبر اضافی دینے کی سفارش کر دی ہے۔

کمیٹی کی سفارشات کو منظور کرتے ہوئے ادارہ علوم ابلاغیات کی ڈیپارٹمنٹل ڈاکٹورل پروگرام کمیٹی نے نئی میرٹ لسٹ لگانے اور کامیاب اُمیدواروں کے انٹرویوز کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

واضح رہے کہ ڈی ڈی پی سی سے سینئر اساتذہ ڈاکٹر بشریٰ رحمان اور ڈاکٹر عابدہ اعجاز استعفیٰ دے چکے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *