پنجاب: 20 اضلاع میں ای لائبریریز قائم، 3 لاکھ کتابوں تک مفت رسائی

  • March 4, 2018 3:56 pm PST
taleemizavia single page

لاہور: آمنہ مسعود

پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے محکمہ یوتھ افیئرز، سپورٹس، آرکیالوجی اینڈ ٹوارزم کے ساتھ مل کر پنجاب کے 20 اضلاع میں ای لائبریریز قائم کر دی ہیں۔

اس ضمن میں سنٹرل ڈیجیٹل لائبریری پی آئی ٹی بی لاہور میں قائم کی گئی ہے جس کے ذریعے سے الیکڑانک کتابیں، الیکڑانک جرنلز، الیکڑانک تھیسز، آن لائن ریفرنسز، نوبل لاریٹ کلیکشن، ڈاکومینٹریز، ویڈیوز اور دیگر بین الاقوامی سطح کا تعلیمی مواد رکھا گیا ہے۔

بورڈ کی جانب سے یونین کیٹیلاگ بنایا گیا ہے جس کے ساتھ پنجاب کے ان اضلاع کی لائبریریز کو لنک کیا گیا ہے تاکہ طلباء کو مواد تک رسائی مل سکے۔

ان ای لائبریریز میں معذور طلباء کے لیے بھی خصوصی ڈیسک بنائے گئے ہیں۔

یہ ای لائبریریز ضلع اٹک، بہاولپور، بھکر، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، گجرانوالہ، گجرات، لاہور، میانوالی، ملتان، مظفر گڑھ، نارووال، اوکاڑہ، رحیم یار خان، راولپنڈی، ساہیوال، سرگودھا، شیخوپورہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور وہاڑی شامل ہیں۔

ہر لائبریری میں ایک آڈیٹوریم، طلباء کے بیٹھنے کے لیے پچاس کُرسیاں، ملٹی میڈیا، ای روزگار روم، 16 کمپیوٹرز، ڈیجیٹل لائبریری ایکسس روم، فری وائی فائی اور مفت انٹرنیٹ کی سہولیات موجود ہوں گی۔

ہر لائبریری میں تین ہزار کتابیں، قومی و بین الاقوامی شہرت یافتہ میگزین بھی لائبریری کا حصہ ہوں گے۔ لائبریری ہفتے میں سات دن تک کھلی رہے گی اور کوئی بھی شہری بغیر فیس کے ممبر شپ حاصل کرسکتا ہے۔

لاہور میں ارفع کریم ٹاور میں بنائی گئی سنٹرلائزڈ ڈیجیٹل لائبریری میں 50 ہزار ای کتابیں رکھی گئی ہیں جس میں آکسفرڈ ریفرنس آن لائن، کیمبرج سمیت دیگر کیٹیلاگ تک رسائی حاصل ہوگی۔ جبکہ تیرہ ہزار الیکڑانک جرنلز، ایک لاکھ 80 ہزار تھیسز اور ای بریری کی دو لاکھ کتابوں تک رسائی حاصل ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *