سندھ ایچ ای سی کی خلاف ورزی، این ای ڈی میں این ٹی ایس کی بنیاد پر داخلے

  • October 31, 2017 11:42 am PST
taleemizavia single page

کراچی

جامعہ این ای ڈی نے سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے احکامات کو نظرانداز کر کے وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ٹیسٹنگ کے ادارے (نیشنل ٹیسٹنگ کونسل) کے ٹیسٹ کو تسلیم کر کے طلبہ کو داخلے بھی دے دیئے اس طرح جامعہ این ای ڈی صوبہ سندھ کی پہلی یونیورسٹی ہوگئی جس نے وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ٹیسٹنگ سروس کو تسلیم کرتے ہوئے اس کے نتائج بھی تسلیم کر لئے۔

جبکہ دائود انجینئرنگ یونیورسٹی نے سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ادارے کے ٹیسٹ کے نتائج منسوخ کر دیئے اور نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس) سے دوبارہ ٹیسٹ کرانے کا اعلان کردیا۔

جامعہ این ای ڈی کے پرو وائس چانسلر اور داخلہ کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر طفیل جوکھیو نے بتایا کہ سندھ ہائر ایجوکیشن کےنیشنل ٹیسٹنگ کونسل سے ٹیسٹ نہ کرانے کے احکامات تاخیر سے ملے تھے جبکہ اس دوران ہم نےاپنا بھی علیحدہ ٹیسٹ لے لیا تھا۔

ہم نے وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ادارے سے ٹیسٹ کرانے کی باقاعدہ منظوری اکیڈمک کونسل اور سنڈیکیٹ سے لی تھی لہٰذا دیر سے احکامات ملنے کے باعث ہم نے اس کے ان کے ٹیسٹ کو بھی تسلیم کیا تاہم وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نیشنل ٹیسٹنگ کونسل سے ٹیسٹ دینے والے امیدواروں کی تعداد کم تھی جبکہ زیادہ تعداد ہماری ٹیسٹ کی تھی۔

یاد رہے کہ سندھ ہائر ایجوکین کمیشن نے وزیر اعلیٰ سندھ کی منظوری سے سندھ کی تمام جامعات کے سربراہوں کو خط تحریر کیا تھا جس میں انھیں ہدایت کی گئی تھی کہ وہ وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ٹیسٹنگ کے ادارے (نیشنل ٹیسٹنگ کونسل) سے ٹیسٹ نہ کرائیں کیوں کہ وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن نے اس سلسلے میں سندھ حکومت کو اعتماد میں لیا نہ مشاورت کی اور ان کا یہ عمل صوبائی امور میں مداخلت کے مترادف ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *