فپوآسا کی نئی باڈی تشکیل، پنجاب سے نیا مرکزی صدر منتخب

  • July 17, 2018 9:32 pm PST
taleemizavia single page

اسلام آباد: فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے نئے عہدیداروں کو منتخب کرنے کے لیے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد میں اجلاس منعقد کیا گیا۔ پاکستان بھر کی یونیورسٹیز کے منتخب اساتذہ نے پنجاب یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر محبوب حسین کو فپوآسا کا نیا مرکزی صدر منتخب کر لیا ہے۔

ڈاکٹر محبوب حسین پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر اور یونیورسٹی سنڈیکیٹ کے ممبر ہیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی اے ایس اے کے تین مرتبہ جنرل سیکرٹری اور فپوآسا کے مرکزی جنرل سیکرٹری کے عہدے پر بھی فائز رہے ہیں۔

نئے عہدیداروں کا انتخاب کرنے کے لیے پاکستان کے چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر سے اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے شرکت کی۔

فپوآسا کی پالیسی کے تحت مرکزی صدر کا انتخاب ہر سال الگ صوبے سے کیا جاتا ہے اور اب پانچ سال بعد پنجاب سے اس کا انتخاب کیا گیا ہے۔ فپوآسا کے نئے مرکزی جنرل سیکرٹری کے عہدے پر پشاور یونیورسٹی سے ڈاکٹر عارف خان کا انتخاب کیا گیا ہے۔

فپوآسا آئین کے تحت کراچی یونیورسٹی کے ڈاکٹر جمیل کاظمی سندھ چیپٹر کے صدر منتخب ہوئے ہیں۔ پختونخوا سے ایگری کلچر یونیورسٹی پشاور کے ڈاکٹر اقبال مُنیر صدر، بلوچستان یونیورسٹی کے ڈاکٹر احمد شاہ کاکٹر صدر بلوچستان چیپٹر منتخب ہوئے ہیں۔

پنجاب چیپٹر سے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور سے ڈاکٹر حامد صدر منتخب ہوئے ہیں جبکہ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد سے ڈاکٹر محمد بشیر مرکزی نائب صدر منتخب ہوئے ہیں۔

فپوآسا کے نو منتخب صدر ڈاکٹر محبوب حسین نے تعلیمی زاویہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹیوں کے اساتذہ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہمارا مقصد ہے۔ ڈاکٹر محبوب حسین کا کہنا ہے کہ اساتذہ کے وقار، اساتذہ کی ریسرچ کے شعبے میں ترقی ترجیحات میں شامل رہے گا۔

اںہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت، صوبائی حکومتیں اور ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان سمیت صوبائی ہائر ایجوکیشن کمیشن تعلیمی پالیسیاں بناتے وقت اساتذہ کو آن بورڈ لیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ فپوآسا متحرک ہو کر پاکستان بھر کے یونیورسٹی اساتذہ کے مسائل کو متعلقہ فورم پر اُجاگر کرے گا اور انہیں حل کرایا جائے گا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *