دُنیا کی سو بہترین یونیورسٹیوں میں امریکہ کی 46 یونیورسٹیز شامل
- August 31, 2018 2:47 am PST
رپورٹ: تعلیمی زاویہ
اکیڈمک رینکنگ آف ورلڈ یونیورسٹیز شنگھائی نے دُنیا بھر کی جامعات کی درجہ بندی کی فہرست جاری کر دی ہے۔ دُنیا کی پہلی ایک سو بہترین جامعات میں امریکہ کی 46 جامعات شامل ہیں۔ امریکہ کی ہاورڈ یونیورسٹی درجہ بندی میں عالمی سطح پر پہلے نمبر پر ہے۔
دُنیا کی پہلی دس بہترین جامعات کی فہرست میں امریکہ کی ۸ جامعات شامل ہیں جبکہ برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی تیسرے نمبر پر آکسفرڈ یونیورسٹی ساتویں نمبر پر ہے۔
سو بہترین جامعات کی فہرست میں برطانیہ کی ۸، سوئزر لینڈ کی ۵، آسٹریلیا کی چھ، جرمنی، کینیڈا اور نیدر لینڈ کی ۴، چائنہ کی ۳، فرانس، جاپان اور سویڈن کی ۳، بیلجیئم، ڈینمارک، اسرائیل اور سنگا پور کی ۲، ناروے، فن لینڈ اور روس کی ایک ایک یونیورسٹی شامل ہے۔
دُنیا کی ایک ہزار بہترین یونیورسٹیوں کی فہرست میں پاکستان کی چار جامعات شامل ہیں۔ سات سو کی فہرست میں کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد، پنجاب یونیورسٹی لاہور اور آغا خان یونیورسٹی کراچی شامل ہیں۔ ایک ہزار یونیورسٹیوں کی فہرست میں بھارت کی ۱۵ جامعات شامل ہیں۔
اس درجہ بندی میں کوالٹی آف ایجوکیشن (جس میں نوبل پرائز اور فیلڈ میڈلز جیتنے کی تعداد شامل ہے) کے ۱۰، کوالٹی آف فیکلٹی ( اساتذہ کی تحقیقی مقالہ جات کی عالمی جرائد میں سائٹیشن) کے ۲۰، ریسرچ آؤٹ پُٹ کے چالیس، پرفارمنس کے ۱۰ نمبرز مختص کیے گئے ہیں۔