پنجاب کی جامعات میں انسداد مذہبی منافرت مہم کا آغاز
- May 11, 2024 8:23 pm PST
راولپنڈی: علی فراز
پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائر یکٹر ڈاکٹر تنویرقاسم نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر توہین مذہب کے مواد کی تشہیر کو روکنا ہم سب کی ذمہ دار ی ہے ۔والدین ، اساتذہ سمیت معاشرے کے ہر فرد کو اس کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، تا کہ اقدار، تہذیب اور اخلاقیات کی حفاظت ہوسکے۔
اس سلسلے میں معاشرے میں شعور بیدار کرنا ہوگا، انفرادی اور اجتماعی سطح پر جدوجہد کرنی ہوگی۔
یہ بات انہوں نے پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے انسداد مذہبی منافرت مہم کے تحت نصرت آڈیٹوریم ہائیٹک یونیورسٹی میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر تنویرقاسم کا مزید کہنا تھا کہ غیر صحت مند اور نقصان دہ سرگرمیوں کو مانیٹر کرنا حکومت کا کام ہے۔
چین اور دیگر ممالک کی مثال ہمارے سامنے ہے جہاں اس حوالے سے سخت قوانین موجود ہیں۔ ساتھ ہی ویب سائٹس کو فلٹر بھی کیا جاتا ہے، پاکستان میں بھی اسلامی اقدار، آئین پاکستان اور پیمرا قوانین کے خلاف مواد دکھانے پر سخت اقدامات کی ضرور ت ہے ۔
وائس چانسلر ڈاکٹر امجد نے انسداد مذہبی منافرت مہم کو وقت کی ضرورت قراردیا۔ سیمینار میں فیکلٹی ممبران کے علاوہ طلبہ وطالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی کے اختتام پر وائس چانسلر نے ڈاکٹر تنویرقاسم کو شیلڈ پیش کی ۔