ورچوئل یونیورسٹی کے 10 ڈگری پروگرامز غیر قانونی ہونے پر بند
- March 15, 2018 2:10 pm PST
لاہور: عاصم قریشی
ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان کے دس ڈگریاں غیر قانونی ہونے کی بناء پر بند کر دی گئی ہیں اور ان میں داخلے بھی روک دیے گئے ہیں۔ یونیورسٹی میں ایم ایس اور پی ایچ ڈی پروگرام بند ہو گئے ہیں۔
ورچوئل یونیورسٹی میں ایم ایس کمپیوٹر سائنس، ایم ایس بائیو ٹیکنالوجی، ایم ایس بزنس ایڈمنسٹریشن، ایم ایس ریاضی، ایم ایس ایجوکیشن، ایم ایس بائیو انفارمیٹکس کی ڈگریوں میں بھی داخلے بند کر دیے گئے ہیں۔
ایم ایس جینٹیکس، ایم ایس زوالوجی اور ایم ایس مالیکیولر بائیولوجی کی ڈگریوں میں بھی داخلے روک دیے گئے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے مذکورہ ڈگریوں کی تاحال این او سی ہی جاری نہیں کی جبکہ ورچوئل یونیورسٹی2013ء سے غیر قانونی طور پر مذکورہ ڈگریوں میں داخلے کر رہا تھا۔ اس وقت یونیورسٹی میں ایم ایس ڈگریوں میں چار ہزار سے زائد طلباء زیر تعلیم ہیں۔
ان ڈگریوں کے لیے ایچ ای سی کی جانب سے پانچ سال بعد بھی این او سی نہ ملنے پر زیر تعلیم طلباء کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے اور ان طلباء کو مطمئن کرنے کے لیے یونیورسٹی کے پاس کوئی ٹھوس جواب بھی موجود نہیں ہے۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے مطابق ورچوئل یونیورسٹی کی جانب سے این او سی کی درخواست جمع کرائی گئی ہے تاہم ڈگری کیلئے ایچ ای سی کے مطلوبہ ضوابط کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
تعلیمی زاویہ سے گفتگو کرتے ہوئے یونیورسٹی ذرائع نے بتایا کہ یونیورسٹی میں مطلوبہ ڈگریوں کے لیے کوالیفائیڈ اساتذہ موجود نہیں ہیں۔