پنجاب:سات تعلیمی بورڈز میں چیئرمین تقرری، 47 اُمیدوارں کی سکروٹنی
- July 14, 2018 10:57 pm PST
لاہور: حافظ اعجاز بشیر
صوبہ پنجاب میں بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں چیئرمین کے عہدے خالی پڑے ہیں، صوبے کے سات تعلیمی بورڈز میں چیئرمین تقرری کے لیے اُمیدواروں کے انٹرویوز پیر سولہ جولائی کو ہوں گے۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن کی جانب سے سنتالیس اُمیدواروں کو انٹرویوز کے لیے کال لیٹرز جاری کر دیے گئے ہیں، یہ انٹرویوز سرچ کمیٹی کرے گی جس کے سربراہ چیف سیکرٹری پنجاب ہیں۔ کمیٹی کے دیگر اراکین میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل آئی جی سیپشل برانچ، چیئرپرسن بورڈ آف گورنرز نور انٹرنیشنل یونیورسٹی ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب شامل ہیں۔
ملتان، گوجرانوالہ، بہاولپور، فیصل آباد، راولپنڈی، ساہیوال میں چیئرمین بورڈز کی آسامیاں خالی پڑی ہیں۔
پنجاب حکومت نے ان آسامیوں پر متعلقہ ڈویژن کے ڈپٹی کمشنر کو چیئرمین کے عہدے کا چارج دے رکھا ہے۔
چیئرمین کے عہدوں کے لیے مجموعی طور پر ایک سو ایک اُمیدواروں نے درخواستیں جمع کرائی تھیں، تعلیمی قابلیت، عمر، پیشہ وارانہ تجربہ اور سیکروٹنی کے بعد سنتالیس اُمیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔