طلباء خبردار! دو یونیورسٹیوں کے سب کیمپس میں داخلوں پرحکومتی پاپندی عائد
- September 16, 2016 12:44 pm PST
لاہور
یونیورسٹی آف گجرات اور یونیورسٹی آف سرگودھا کو لاہور، سیالکوٹ سب کیمپس میں نئے داخلوں کی اجازت سے انکار کر دیا گیا ہے۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے طلباءاور والدین کو آگاہ کیا ہے کہ ان یونیورسٹیوں کے سب کیمپس میں داخلہ مت لیں۔ یونیورسٹی نے اس کے باوجود داخلے کیے تو وہ غیر قانونی تصور ہوں گے۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر شعیب انور نے دونوں یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو بذریعہ خط اس پاپندی سے آگاہ کر دیا ہے۔
ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر شعیب انور کی جانب سے لکھے گئے اس خط میں گجرات یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ لاہور اور سیالکوٹ میں یونیورسٹی کے سب کیمپسز میں داخلوں کی اجازت نہیں ہے۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن نے سرگودھا یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو بھی لاہور میں یونیورسٹی کے سب کیپمس میں نئے داخلے کرنے سے روک دیا ہے۔
دونوں یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو لکھے گئے اس خط میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت قائم سب کیمپسز میں داخلوں کے لیے پہلے سے شائع شدہ اشتہارات کو بھی منسوخ کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن نے کہا ہے کہ مذکورہ یونیورسٹیوں کو سب کیمپس کھولنے کے لیے جن شرائط پر این او سی جاری کیا گیا تھا اُن شرائط کو پورا کیا جائے۔
گجرات یونیورسٹی اور سرگودھا یونیورسٹی، لاہور میں اپنے سب کیمپس میں ایم فل اور ایم ایس پروگرام میں داخلہ دینے کی مجاز نہیں ہے۔
جبکہ دیگر پروگرام میں داخلوں کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن سے دوبارہ سے حتمی منظوری لینا ہوگی۔
این او سی کے تحت سب کیمپس میں کوالٹی اینہانسمنٹ سیل آزادانہ طور پر قائم کیے جائیں اور یہ سیل یونیورسٹی کے مین کیمپس کو رپورٹ کرنے کے پاپند ہوں گے۔
خط کے متن کے مطابق داخلوں کا اعلان یونیورسٹی کے مین کیمپس کی جانب سے کیا جائے گا جبکہ سب کیمپس داخلوں کے اعلان کرنے کے مجاز نہیں ہوں گے۔
سب کیمپس کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کی طے کردہ گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل درآمد کرنا ہوگا۔
اس خط میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی نئے پروگرام کو شروع کرنے اور نئے داخلوں سے پہلے سب کیمپس کو یونیورسٹی کے مین کیمپس اور ہائر ایجوکیشن کمیشن سے اجازت لینا ہوگی۔
محکمہ کی جانب سے 15 ستمبر کو جاری ہونے والے اس حکم نامے میں سب کیمپسز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ ہر شعبہ جات میں کم از کم چھ اساتذہ تعینات کریں۔
جس میں سے ایک پروفیسر، ایک ایسوسی ایٹ پروفیسر، دو اسسٹنٹ پروفیسرز اور دو لیکچررز شامل ہوں گے۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے وائس چانسلرز کو ان شرائط پر فوری عمل درآمد کرنے کی ہدایات جاری کرتےہوئے دو روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات کی ہیں۔