پرنسپل ایچی سن کالج کشمالہ طارق کے بیٹے کی بحالی کے دباؤ پر مستعفی

  • September 13, 2018 12:51 pm PST
taleemizavia single page

لاہور: آمنہ مسعود

ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل تھامسن نے سیاسی دباؤ کے پیش نظر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، ذرائع نے بتایا ہے کہ سابق ایم این اے کشمالہ طارق کے بیٹے اذلان خان کا داخلہ بحال کرانے کے لیے پرنسپل پر سیاسی دباؤ ڈالا گیا تھا جس کے رد عمل میں مائیکل تھامسن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔

کشمالہ طارق کا بیٹا اذلان خان ایچی سن کالج میں او لیول کا طالبعلم تھا اور کالج میں دیگر طلباء کے ساتھ لڑائی پر اذلان خان کا نام خارج کر دیا گیا تھا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے تین روز قبل پرنسپل مائیکل تھامسن کو گورنر ہاؤس طلب کیا تھا اور پاکستان مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والی کشمالہ طارق کے بیٹے اذلان خان کا نام خارج کرنے کا فیصلہ واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالا گیا تھا۔ پرنسپل کو داخلہ بحال نہ کرنے کی صورت میں گورنر پنجاب کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا کہا گیا تھا۔

پرنسپل نے گورنر پنجاب کے دباؤ میں آنے سے انکار کر دیا اور اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اذلان خان کے ساتھ ہونے والی لڑائی میں میئر آف فیصل آباد کا بیٹا بھی ملوث تھا تاہم کالج انتظامیہ نے اُسے کالج سے فارغ نہیں کیا۔

کشمالہ طارق نے اپنے بیٹے کے حق میں سول عدالت لاہور اور سپریم کورٹ میں کیس دائر کر رکھا ہے جبکہ اُن کی جانب سے گورنر پنجاب کو بھی داخلہ ختم کرنے کے معاملے کا از سر نو جائزہ لینے کے لیے غیر جانبدار انکوائری کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

کشمالہ طارق کی جانب سے موقف اپنایا گیا ہے کہ پرنسپل کی جانب سے جانبدار فیصلہ کیا گیا ہے اور لڑائی کے واقعہ کی از سر نو انکوائری کرائی جائے۔

پرنسپل ایچی سن کالج کے مستعفی ہونے کے بعد وزیر سکولز ایجوکیشن ڈاکٹر مُراد راس اور وزیر ہائیر ایجوکیشن پنجاب یاسر ہمایوں سرفراز نے مائیکل تھامسن سے ملاقات کی اور اُنھیں اپنے عہدے پر کام کرنے کا کہا گیا۔ پرنسپل کو یقین دہانی کرائی گئی کہ اُن پر کسی قسم کا سیاسی دباؤ نہیں ڈالا جائے گا۔

دوسری جانب آج گورنر پنجاب نے پرنسپل مائیکل تھامسن کو دوبارہ گورنر ہاؤس طلب کر کے تفصیلی ملاقات کی۔ پرنسپل کو گورنر پنجاب نے استعفیٰ واپس لینے کا کہا اور اُنھیں اپنے عہدے پر کام کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں ہیں جس پر اُنھوں نے اپنا استعفیٰ واپس لے لیا ہے۔

سپریم کورٹ میں اذلان خان کے داخلے سے متعلق کیس کی سماعت آج ہوگی ۔ مائیکل تھامسن کو سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے 18 لاکھ روپے سے زائد ماہانہ تنخواہ پر 2016ء میں تعینات کیا تھا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *