پنجاب: انجینئرنگ انٹری ٹیسٹ کی جوابی کاپی ویب سائٹ پر جاری
- July 16, 2018 12:35 am PST
لاہور: آمنہ مسعود
یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہورکے زیر انتظام صوبہ پنجاب کے انجنیئرنگ اداروں میں بی ایس سی انجنیئرنگ اور بی ایس سی انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کیلئے مشترکہ انٹری ٹیسٹ آج منعقد ہوا۔ اس ٹیسٹ میں پچاس ہزار سے زائد اُمیدواروں نے شرکت کی جس کے لیے پنجاب میں تیرہ امتحانی مراکز بنائے گئے تھے۔
یو ای ٹی کی جانب سے انٹری ٹیسٹ کی جوابی کاپی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دی گئی ہے، اس جوابی کاپی کے ذریعے سے اُمیدوار اپنے سوالات کے جوابات کو چیک کر سکتے ہیں۔
یو ای ٹی لاہور سمیت صوبے بھر میں کل 13امتحانی مراکز قائم کیئے گئے جن میں بیک وقت ٹیسٹ شیڈول کے مطابق صبح 10بجے شروع ہوا اور 11:40پر اختتام پذیر ہوا تھا۔
سب سے زیادہ اُمیدواروں نے انٹری ٹیسٹ لاہور میں دیا جن کی تعداد 13 ہزار 387 تھی جبکہ ملتان میں 8 ہزار، اسلام آباد میں 6 ہزار 450، فیصل آباد میں 5 ہزار 544، ٹیکسلا میں 3 ہزار 251، کالا شاہ کاکو میں 3 ہزار 158، ساہیوال میں 3 ہزار 95، گجرات میں 2 ہزار 757، رحیم یار خان میں ایک ہزار 875، بہاولپور میں ایک ہزار 756، میانوالی میں 800 اور رسول میں 528 اُمیدواروں نے انٹری ٹیسٹ دیا۔
یو ای ٹی نے پہلی بار ایف ایس سی پری میڈیکل کے طلباء کو ٹیسٹ میں شرکت کرنے کی اجازت دی گئی، یونیورسٹی کی جانب سے دو نئے ڈگری پروگرامز شروع کیے گئے جس میں بائیو میڈیکل انجینئرنگ اور بائیو میڈیکل ٹیکنالوجی شامل ہے۔
ٹیسٹ کے نتائج کے بعد5اگست 2018کو “اوپن ڈے” بھی منعقد ہوگا جس کا مقصد جامعہ اور اسکے شعبہ جات میں دستیاب مختلف سہولیات کے متعلق آگاہی اور طلبہ و طالبات کے ذہنی رجحان کے حوالے سے درست شعبہ کے انتخاب کے حوالے سے مدد فراہم کرنا ہے۔