پنجاب کے 203 کالجوں میں پرنسپل کیلئے درخواستیں طلب
- April 17, 2021 2:39 pm PST
ملتان: پنجاب کے سرکاری کالجوں میں مستقل پرنسپل کی تقرریوں کے لیے محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے شیڈول جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت درخواستیں جمع کرانے کی کل 18 اپریل کو آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے آن لائن درخواستیں جمع کرانے کے لیے پورٹل بھی قائم کر دی ہے۔ محکمانہ پالیسی کے تحت پنجاب بھر کے سرکاری کالجوں کے ایسوسی ایٹ پروفیسرز اور پروفیسرز پرنسپل کے عہدوں کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں۔
پرنسپل کی خالی آسامیوں پر درخواستوں کے لیے اساتذہ کیلئے تین کیٹیگریز بنائی گئی ہیں جس میں اساتذہ کو اپنی پسند کے کالج کا انتخاب کرنا ہوگا۔ آن لائن پورٹل پر پہلے سے رجسٹرڈ اساتذہ ہی درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔
محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے پرنسپل کی خالی آسامیوں کی تفصیلات بھی ویب پورٹل پر جاری کر دی ہیں۔ محکمہ کی جانب سے میل اور فی میل کالجوں کے لیے پرنسپل کے عہدوں کی درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔