ٹیکنیکل یونیورسٹی خیرپور، وائس چانسلر کیلئے تین ناموں کا انتخاب

  • October 21, 2017 10:51 pm PST
taleemizavia single page

کراچی

سندھ کی جامعات میں وائس چانسلر کی تلاش کے لیے قائم تلاش کمیٹی نے بینظیر بھٹو یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ اسکل ڈیولپمنٹ خیرپور (ٹیکنیکل یونیورسٹی) کے وائس چانسلر کے عہدے کے لئے تین ناموں کا انتخاب کرلیا ہے۔

سرچ کمیٹی نے پانچ امیدواروں مدد علی شاہ، سلیم رضا سموں، امداد اسماعیلی، حسین بخش مری اور حفیظ میمن کو انٹرویو کے لیے طلب کیا تھا ۔ سرچ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو کمیٹی کے سربراہ جسٹس (ر) دیدار حسین شاہ کی زیرصدارت ہوا جس میں سیکرٹری بورڈز و جامعات، محمد حسین سید ، قدیر راجپوت، مظہرالحق صدیقی، سید انوار حیدر، اور ایس ایم قریشی نے شرکت کی۔

اجلاس میں ٹیکنیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے کے لئے پانچوںامیدواروں کے انٹرویوز کئے گئے اور ان کی دستاویزات اور قابلیت کا جائزہ لیا گیا۔

جس کے نتیجے میں تین امیدواروں ، ٹیکنیکل یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر مدد علی شاہ، سندھ یونیورسٹی کے سابق پرو وائس چانسلر امداد اسماعیلی اور قائد عوام یونیورسٹی نوابشاہ کے سابق پرووائس چانسلر ، سلیم رضا سموں کا انتخاب کیا گیا اب ان تین ناموں کو منظوری کے لئے چیف سیکرٹری سندھ رضوان میمن کے پاس بھیجا جائے گا اور پھر یہ نام وزیر اعلیٰ سندھ کے پاس جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کسی ایک نام کی منظوری دیں گے جس کے بعد اسے حتمی منظوری یعنی نوٹیفکیشن کے لئے گورنر سندھ کو بھیج دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ بینظیر بھٹو یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ اسکل ڈیولپمنٹ خیرپور (ٹیکنیکل یونیورسٹی) پہلے ایک کالج تھا تاہم 30مئی 2016 کو اسے ایکٹ کے تحت یونیورسٹی بنادیا گیا تھا اور آئی بی اے سکھر کے پروفیسر مدد علی شاہ کو قائم مقام وائس چانسلر مقرر کردیا گیا تھا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *