پاکستان کی 17 یونیورسٹیز کو پانچ ارب روپے کی امریکی فنڈنگ
- January 24, 2018 9:20 pm PST
لاہور: آمنہ مسعود
امریکہ کی عالمی ایجنسی یو ایس ایڈ کے زیر اہتمام پاکستان کی سترہ یونیورسٹیوں میں فیکلٹی آف ایجوکیشن کی نئی عمارات اور تزئین و آرائش پر 4 کروڑ 75 لاکھ امریکی ڈالرز کی فنڈنگ کی گئی ہے جو کہ پاکستانی 5ارب 28 کروڑ 20 لاکھ روپے بنتے ہیں۔
پاکستان کی سرکاری یونیورسٹیوں میں ہونے والی اس فنڈنگ سے صرف فیکلٹی آف ایجوکیشن کے طلباء اور اساتذہ مستفید ہوں گے۔
یونیورسٹیز میں تعمیر کی گئی ان عمارتوں کا افتتاح صدر پاکستان ممنون حسین، گورنر پنجاب، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اور وزیر مملکت برائے تعلیم نے یو ایس ایڈ مشن ڈائریکٹر کے ہمراہ کیے ہیں۔
پاکستانی یونیورسٹیوں کے لیے اس امریکی پراجیکٹ کے تحت چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی سرکاری یونیورسٹیوں کو فنڈنگ دی گئی ہے۔
اسی منصوبے کے تحت امریکہ نے چودہ ہزار ایجوکیٹرز کو بھی تدریسی امور پر ٹریننگ فراہم کی ہے جبکہ تین ہزار ایک سو طلباء کو ایسوسی ایٹ ڈگری ان ایجوکیشن کے لیے سکالر شپ بھی فراہم کی گئیں ہیں۔
پاکستان کی ان سرکاری یونیورسٹیوں میں یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور، یونیورسٹی آف دی پنجاب لاہور، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان، فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی، یونیورسٹی آف کراچی، یونیورسٹی آف سندھ حیدر آباد شامل ہیں۔
دیگر سرکاری یونیورسٹیز میں شاہ عبد الطیف یونیورسٹی، خیر پور سندھ، یونیورسٹی آف پشاور، یونیورسٹی آف مالا کنڈ، گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان، سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کوئٹہ، لسبیلہ یونیورسٹی اتھل، قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت اور یونیورسٹی آف آزاد اینڈ جموں کشمیر مظفر آباد بھی شامل ہیں۔
پاکستان کی مذکورہ یونیورسٹیز میں یو ایس ایڈ کا یہ میگا پراجیکٹ مکمل ہو چکا ہے اور اس پراجیکٹ کی تفصیلات یو ایس ایڈ نے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر بھی جاری کر دی ہیں۔
امریکی امدادی ایجنسی یو ایس ایڈ کی نگرانی میں ان یونیورسٹیوں میں نئی عمارات کی تکمیل مکمل کرائی گئی ہے جبکہ امریکی ماہرین تعلیم نے اساتذہ کو مختلف ٹریننگ پروگرامز بھی کرائے ہیں۔