انگریزی زبان کا فروغ: امریکی تعاون سے اسلام آباد کلب میں لنکن کارنر قائم
- July 15, 2017 4:49 pm PST
اسلام آباد
امریکی سفارتخانہ اور اسلام آباد کلب کے حکام نے مارٹن لوتھر کنگ جونیئر (ایم ایل کے) ریڈنگ روم، جو انگریزی زبان کی تعلیم کے فروغ کے لئے دونوں اداروں کے درمیان ایک شراکت ہے، میں تعاون کو وسعت دینے کے لئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کردیئے۔
اگست 2009ء میں قائم کیا جانے والا مارٹن لوتھر کنگ جونیئر ریڈنگ روم انگریزی کی کتابوں، میگزین، ویڈیوز اور تحقیق کے لئے ڈیٹابیس اور علمی جریدوں تک مفت رسائی فراہم کرتا ہے۔
امریکی سفارتخانہ کی منسٹر قونصلر برائے امور عامہ کرسٹینا ٹوم لنسن اور اسلام آباد کلب کے معاون سیکریٹری محمد مبین نے اسلام آباد کلب میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی جس سے اس شراکت کو جولائی 2020ء تک وسعت ملے گی۔
ایم ایل کے ریڈنگ روم جسے جون 2015ء میں جدید خطوط پر استوار کیا گیا تھا، اسلام آباد کلب کے ارکان اور مہمانوں کو انگریز ی زبان کی تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، انٹرپرینیورشپ اور امریکہ میں اعلیٰ تعلیم کے لئے مشاورت پر مبنی ماہانہ پروگراموں کا اہتمام کرتا ہے۔
ایم ایل کے ریڈنگ روم کے کتابوں اور لکھائی کے کلب اس کے شرکاء میں خاص شہرت رکھتے ہیں۔
اس کارنر نے صنفی بنیاد پر تشدداور امتیاز سے متعلق آگہی بیدار کرنے اور کاروباری افراد کے درمیان معلومات کے تبادلے کو فروغ دینے کے لئے بھی پروگراموں کا انعقاد کیا ہے۔
ایم ایل کے ریڈنگ روم پاکستان بھر میں امریکی سفارتخانہ کے تعاون سے چلنے والے 19 لنکن کارنرز میں سے ایک ہے۔
لنکن کارنر پاکستانی اداروں، سرکاری لائبریریوں، جامعات اور ثقافتی مراکز کے ساتھ شراکت میں وسائل اور سرگرمیوں کے انعقاد کےلئے جگہ کی فراہمی کا مرکز ہے، جو انگریزی زبان کی تعلیم کے مواد تک مفت رسائی اور پاکستانیوں اور امریکیوں کے درمیان آزاد مکالمے کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔