یونیورسٹی آف نارووال کے اساتذہ کے کنٹریکٹ میں سال کی توسیع
- February 2, 2019 1:59 pm PST
نارووال: یونیورسٹی آف نارووال کی سنڈیکیٹ کا اجلاس گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں وزیر ہائیر ایجوکیشن کی زیر صدارت منعقد ہوا اجلاس میں وائس چانسلر ڈاکٹر حسن امیر شاہ نے ایجنڈا پیش کیا.
یونیورسٹی سنڈیکیٹ نے کنٹریکٹ پر تعینات اساتذہ کی مدت ملازمت میںایک سال تک کی توسیع کرنے کی منظوری دے دی ہے.
سنڈیکیٹ کے تیسرے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ یونیورسٹی میں مستقل اساتذہ کی تقرری کے لیے سفارشات تیار کی جائیں اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے طے کردہ ضوابط کے تحت اساتذہ کی مستقل بھرتیوں کے لیے اشتہارات جاری کیے جائیں.
نارووال یونیورسٹی میں کنٹریکٹ پر 40 اساتذہ تعینات ہیں اور ان اساتذہ کے کنٹریکٹ کی مدت ختم ہوچکی ہے جس میں توسیع کی منظوری دی گئی ہے. یونیورسٹی کا پہلے الحاق گجرات یونیورسٹی کے ساتھ ہونے کی بناء پر انتظامی مسائل درپیش ہیں جس کی تفصیلات سنڈیکیٹ کے اجلاس میںپیش کی گئی ہیں.
واضح رہے کہ نارووال یونیورسٹی میں مستقل وائس چانسلر کی تقرری کے لیے محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب نے تاحال اشتہار جاری نہیں کیا اور وائس چانسلر کے عہدے کا قلمدان جی سی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر حسن امیر شاہ کے پاس ہے جبکہ یونیورسٹی کی مرکزی عمارت بھی تاحال زیر تعمیر ہے.