ایجوکیشن یونیورسٹی لاہور میں پرُامن جامعات کے موضوع پر کانفرنس

  • December 1, 2017 3:32 pm PST
taleemizavia single page

لاہور

یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے زیر اہتمام پُرامن جامعات کے موضوع پر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اختتامی تقریب میں وزیر ہائر ایجوکیشن پنجاب سید رضا علی گیلانی کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا۔

کانفرنس میں پنجاب کی 23 سرکاری جامعات کے ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز اور اُن کے نمائندوں کو پرُ امن جامعات کے اہم امور پر ٹریننگ دی گئی۔

کانفرنس سے خطاب میں وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی کا کہنا تھا کہ صوبے کی جامعات کو پُر امن اور بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس پر کسی بھی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ جامعات میں منفی اور تشدد پر مبنی سیاست کی کوئی جگہ نہیں ہے۔

سید رضا علی گیلانی کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹوریٹ سٹوڈنٹس افیئرز کی جانب سے جو سفارشات پیش کی گئی ہیں ان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ یونیورسٹیز کو ریسرچ کا مرکز بنائیں گے، طلباء کا کام صرف پڑھنا ہے اور اساتذہ کا کام صرف پڑھانا ہے۔

وزیر ہائر ایجوکیشن نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ طلباء سیاست پر پاپندی ہے اور جامعات کا ماحول خراب کرنے والے عناصر سے قانونی طور پر نمٹا جائے گا۔

تقریب سے خطاب میں چیئرپرسن پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین کا کہنا تھا کہ یونیورسٹیوں کو عالمی
معیار کے عین مطابق بنانے کے لیے ضروری ہے کہ علمی و تعلیمی ماحول کو پروان چڑھایا جائے۔ اُن کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں کمیشن جامعات کے ساتھ پوری طرح تعاون کر رہا ہے۔ ڈاکٹر نظام الدین کا ماننا ہے کہ وائس چانسلرز اور اساتذہ کو بھی اپنا موثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

کانفرنس سے خطاب میں وائس چانسلر ایجوکیشن یونیورسٹی ڈاکٹر روؤف اعظم کا کہنا تھا کہ جامعات میں امن و رواداری کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے اور پائیدار امن کے لیے یونیورسٹی کی سطح پر طلباء کی مثبت سرگرمیوں کی سرپرستی کرنا اشد ضروری ہے۔

سفارشات میں کہا گیا ہے کہ جامعات میں سٹوڈنٹس سنٹرز قائم کیے جائیں جہاں پر طلباء مشترکہ طور پر تعلیمی سرگرمیوں کو منعقد کرنے کے لیے منصوبہ بندی کر سکیں۔ یونیورسٹی میں ادبی میلے، کھیلوں کے مقابلہ جات کے ساتھ ساتھ ہاسٹلز وارڈن کی ٹریننگ ورکشاپ کرانا بھی انتہائی ضروری ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *