یو ای ٹی: سلیکشن بورڈ کا اساتذہ کو ترقیاں دینے سے انکار

  • May 6, 2017 10:14 pm PST
taleemizavia single page

لاہور: آمنہ مسعود

یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے سلیکشن بورڈ کا اساتذہ کو اگلے گریڈز میں ترقیاں دینے سے انکار کر دیا ہے۔ دو روزتک جاری رہنے والے سلیکشن بورڈ میں یو ای ٹی کے صرف دو اساتذہ کو مشروط ترقیاں دی گئیں۔ پی ایچ ڈی ڈگری، مطلوبہ تدریسی تجربہ اور ریسرچ پیپرز ہونے کےباجود بیس سے زائد شعبہ جات کے اساتذہ ترقیوں سے محروم ہوگئے ہیں۔

یو ای ٹی کا سلیکشن بورڈ دو روز تک وائس چانسلر ڈاکٹر فضل احمد خالد کی زیر صدارت جاری رہا۔ سلیکشن بورڈ میں یونیورسٹی کے متعدد شعبہ جات میں پروفیسرز، ایسوسی ایٹ پروفیسرز، اسسٹنٹ پروفیسرز اور لیکچررز کی بھرتیوں کے لیے سیٹیں موجود تھیں تاہم بورڈ نے شعبہ الیکڑیکل انجینئرنگ میں صرف ایک ٹیچر ڈاکٹر طاہر کو ترقی دے کر پروفیسر بنایا۔

اسی طرح سلیکشن بورڈ نے شعبہ مائننگ انجینئرنگ کے ایک اُستاد ڈاکٹر فاروق کو ایسوسی ایٹ پروفیسر کے عہدے پر مشروط ترقی دی ہے۔ یو ای ٹی کے سلیکشن بورڈ نے چار فیکلٹیز میں ایک بھی اُستاد ترقی نہ پا سکا۔ پی ایچ ڈی ڈگری، مطلوبہ تدریسی تجربہ اور ریسرچ پیپرز پورے ہونے کے باوجود اساتذہ ترقیوں سے محروم رہے ہیں۔

یونیورسٹی میں فزکس، کیمسٹری، ریاضی، پٹرولیم انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس، کیمیکل انجینئرنگ کے اساتذہ اگلے گریڈز میں ترقیوں سے محروم رہے ہیں۔

یونیورسٹی میں سیٹیں ہونے کے باوجود شعبہ سول انجینئرنگ، میکنیکل انجینئرنگ، جیالوجیکل انجینئرنگ، ٹرانسپورٹ انجینئرنگ اوراینوائرنمنٹل میں بھی اساتذہ کی ترقیاں نہ ہو سکیں۔

یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے چار کیمپسز کیلئے صرف پندرہ نئے لیکچررز کی بھرتیاں کی گئی ہیں جبکہ یونیورسٹی نے بیس سے زائد شعبہ جات میں بھرتیوں کا اشہتار جاری کیا تھا اور ترقیاں پانے کے لیے اساتذہ منتظر تھے۔

یونیورسٹی کے سینئر اساتذہ نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے کہ مبینہ طور پر جعلی ڈگری کے حامل ڈین ڈاکٹر غلام عباس کو سلیکشن بورڈ میں بٹیھنے کی اجازت کیوں دی گئی اور اسی طرح رجسٹرار یو ای ٹی محمد آصف کی متنازعہ تعیناتی ، محکمہ ہائر ایجوکیشن کے مراسلے کے باوجود سلیکشن بورڈ میں بٹھایا گیا۔

یو ای ٹی کی ٹیچنگ سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر محمد شعیب کا کہنا ہے کہ سلیکشن بورڈ میں اساتذہ کی ترقیاں نہ ہونے کے معاملے پر وہ وائس چانسلر سے ملاقات کریں گے اور اساتذہ کے تحفظات سے آگاہ کیا جائے گا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *