یو ای ٹی لاہور کا پی ایچ ڈی فیس پر 100 فیصد چھوٹ کا اعلان
- July 15, 2021 8:37 pm PST
آمنہ مسعود: بی ایس آنرز کے بعد ڈائیریکٹ پی ایچ ڈی کے خواہشمند طلباء کیلئے بڑی خبر ہے، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے ڈائیریکٹ پی ایچ ڈی کی پالیسی نافذ کر دی ہے۔
یو ای ٹی نے پی ایچ ڈی سکالرز کو 100 فیصد ٹیوشن فیس پر چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے، فل پی ایچ ڈی سکالرز سے یو ای ٹی ٹیوشن فیس وصول نہیں کرے گی۔
دوسری جانب یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی نئی پی ایچ ڈی پالیسی بھی لاگو کر دی گئی ہے، یو ای ٹی پہلی سرکاری یونیورسٹی ہے جہاں بی ایس آنرز کے بعد ڈائیریکٹ پی ایچ ڈی میں داخلوں کی پالیسی کا نفاذ کیا گیا ہے۔
وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور ڈاکٹر منصور سرور کا کہنا ہے کہ یو ای ٹی میں رواں سال پی ایچ ڈی میں داخلے نئی پالیسی کے تحت ہوں گے اور اس ضمن میں مختلف مضامین میں پی ایچ ڈی میں داخلوں کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے جس کی تفصیلات یونیورسٹی کی ویب سائیٹ پر بھی جاری کی گئی ہیں۔
یو ای ٹی اپنے تمام 27 ڈاکٹریٹ پروگراموں کے لئے پی ایچ ڈی پروگرام میں کل وقتی طلبہ سے دوران سمسٹر فیس وصول نہیں کرے گی۔ فیس میں چھوٹ کے بدلے طلبا کو ہر ہفتے کم از کم چھ گھنٹے کام کرنے کی ضرورت ہوگی ۔
اس تناظر میں پی ایچ ڈی ریسرچ تجویز کی منظوری کے بعد متعلقہ محکمہ کی سفارش پر ٹیچنگ فیلوشپ پیش کی جاسکتی ہے۔اس پروگرام سے مستفید ہونے کیلئے طلبا کو تین اعشاریہ پانچ سی جی پی اے برقرار رکھنا ہوگا جبکہ پی ایچ ڈی سٹوڈنٹس یہ سہولت دو برس تک اٹھا سکیں گے۔
وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور ڈاکٹر منصور سرور کے مطابق اس پروگرام کا مقصد اعلیٰ تعلیم یافتہ طلبہ کو کل وقتی پی ایچ کی ترغیب دینا ہے ، تاکہ وہ مالی وسائل کی تلاش کی بجائے اپنی توجہ تعلیم اور تحقیق پر دے سکیں۔
اس منصوبے سے مستفید طلبہ نہ صرف بہترین تحقیقی مقالہ جات تیار کریں گے بلکہ انڈسٹری بھی اس سے فائدہ اٹھا سکے گی۔واضح رہے کہ یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلے شروع ہوچکے ہیں۔ خواہشمند طلباء 2 اگست تک پراسپیکٹس حاصل کرسکیں گے جبکہ ٹیسٹ 9 سے 12 اگست کے درمیان لئے جائیں گے۔کامیاب امیدواروں کے انٹرویوز 16 سے 24 اگست کو ہوں گے۔ پی ایچ ڈی کلاسز کا آغاز 13 ستمبر سے ہوگا
ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے گزشتہ برس پی ایچ ڈی کی نئی پالیسی جاری کی تھی۔ نئی پالیسی ہے تحت پی ایچ ڈی میں داخلوں کیلئے ایم فل کی لازمی شرط ختم کی گئی ہے۔