یو ای ٹی میں جیٹ طیاروں کے ماڈلز کی اُڑان

  • November 23, 2016 6:26 pm PST
taleemizavia single page

جبران شاہ، کیمپس رپورٹر

امریکن سوسائٹی آف مکینیکل انجنیئرز(اے ایس ایم ای) یو ای ٹی چیپٹر نے اپنی کامیابی کے دس سال مکمل ہونے پر ’ایرومینیا16‘ کے نام سے پہلی جیٹ نمائش یونیورسٹی آف انجنئیرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں منعقد ہوئی۔

نمائش میں آٹو موٹیو، ایرو سپیس اور دیگر آلات پر مبنی اشیاء کو رکھا گیا تھا۔ نمائش میں طلباء کے تیار کردہ ڈرونز، چھوٹے طیاروں کے ماڈل توجہ کا مرکز رہے۔

نمائش میں ڈین فیکلٹی آف میکینیکل انجینئرنگ ڈاکٹر ندیم احمد مفتی، چیئرمین ڈاکٹر ناصر حیات، سٹوڈنٹس افیئر کے مشیر ڈاکٹر آصف علی بھی موجود تھے۔

uet

امریکن سوسائٹی آف میکنیکل انجینئرز، یو ای ٹی لاہور کے صدر حیدر لطیف کہتے ہیں کہ میکنیکل انجینئرنگ جدید ٹیکنالوجی میں ریڑھ کی ہڈی کی طرح ہے، یہ شعبہ جدید تکنیکی صلاحیتوں سے بھرپور ہے۔

حیدر لطیف کا ماننا ہے کہ طلباء میں مہارتیں پیدا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ان سے عملی کام کرایا جائے جن طلباء نے اپنی ذہانت کی بنیاد پر جہازوں کے جو نمونے تیار کیے ہیں، ان کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔

uet1

طلباء کے تیار کردہ جہازوں کے ماڈلز کو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اُڑایا بھی گیا اور اُڑان کے دوران کم و بیش 20 منٹ تک یہ جہاز خلاء میں رہے۔ اس دوران طلباء نے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے جہازوں کے کرتب بھی دکھائے۔

ایرومینیا دو ہزار سولہ کے عنوان کے تحت منعقدہ اس نمائش میں 57 مشینیں رکھی گئی تھیں جن میں اُڑنے والے جہاز بھی شامل تھے۔

uet2

ڈرون ماڈل تیار کرنے والے ایک طالبعلم مصطفیٰ خان کہتے ہیں کہ ماڈل تیار کرتے وقت میکنیکل انجینئرنگ میں پڑھائی جانے والی کتابوں اور لیب میں کیے گئے عملی کام نے بہت مدد کی ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ کتابوں سے ہٹ کر عملی کام کرنا بہت اچھا تجربہ رہا۔

امریکین سوسائٹی آف میکنیکل انجینئرز کے دس سال مکمل ہونے پر اس نمائش کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر شعبہ کے اساتذہ نے کیک بھی کاٹا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *