بنوں میں ایک سیٹ پر دو ایجنسی ایجوکیشن آفیسرز تعینات

  • December 26, 2017 11:56 pm PST
taleemizavia single page

فاٹا

آل ٹیچرز ایسوسی ایشن ایف آر بنوں نے ایجنسی ایجوکیشن آفس میں دو،دو ایجوکیشن آفیسرز کی تعیناتی اور اساتذہ کی تنخواہوں سے بلاجواز کٹوتی کے خلاف یکم جنوری سے ایجنسی ایجوکشن دفاتر کی تالہ بندی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ ایف آر بنوں کے فوری تبادلے کا مطالبہ کردیا۔

آل ٹیچرز ایسوسی ایشن ایف آر بنوں اور آفیسر ز سٹاف ایسوسی ایشن کا ایک مشترکہ اجلاس بنوں ٹاؤن شپ میں ایسوسی ایشن کے صدر شریعت خان کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں جنرل سیکرٹری اکبر علی خان ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ملک ریاض خان والیگئی، محمد نور خان، نیازعلی خان، نعمت اللہ خان، رحمت اللہ خان، مولانا جاوید خان اور دیگر بھی موجود تھے۔

اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ ایجنسی ایجوکیشن آفس ایف آر بنوں میں دو ایجنسی ایجوکیشن آفیسرز تعینات کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے اساتذہ اور دیگر انتظامیہ اہلکار درمیان میں لٹک گئے ہیں ایک تبادلہ کرتا ہے تو دوسرا منسوخ کردیتا ہے اور محکمہ تعلیم فاٹا کے احکامات بھی نظر انداز کئے جانے لگے ہیں، دوسری طرف رخصتی کے باوجود اساتذہ کو غیر حاضر قرار دیکر 15،15 دن کی تنخواہیں کاٹ دی جاتی ہیں جو کہ سراسر نا انصافی اور ظلم ہے۔

مقررین نے کہا کہ اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ ایف آر بنوں بادشاہ بن کر بیٹھے ہیں اور کرپٹ جونیئر کلرک غفارعلی، لیویز اور خاصہ داروں کے ذریعے سکولوں میں آکر اعلیٰ افسران پرنسپل اور اساتذہ کو بے عزت کرتے ہیں جو ہم مزید برداشت نہیں کریں گے اور ایسے اے پی اے کو مزید ایف آر بنوں میں نہیں رہنے دیں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 31 دسمبر تک ڈبل ایجنسی ایجوکیشن آفیسرز کا مسئلہ حل اور اساتذہ کی کٹوتی واپس نہ کی گئی تو یکم جنوری 2018ء سے ایجنسی ایجوکیشن آفس کے دفاتر کی تالہ بندی کریں گے جبکہ ایف آر بنوں میں اساتذہ اور عوام میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ کرتے ہوئے اے پی اے اشفاق خان کا فوری تبادلہ کیا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *