ٹوئٹر کمپنی کا صارفین کو اپنا پاس ورڈ فوری بدلنے کی ہدایت
- May 6, 2018 8:56 pm PST

ویب ڈیسک
اگر آپ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر استعمال کرتے ہیں تو اپنا پاس ورڈ فوری بدل لیں۔ یہ وہ مشورہ ہے جو کمپنی کی جانب سے صارفین کو دیا گیا ہے۔
اپنے کروروں صارفین کو ٹوئٹر کی جانب سے پاس ورڈ بدلنے کا مشورہ اس وقت دیا گیا جب ایک ایسا بگ پکڑا گیا جو صارفین کے اسٹور پاس ورڈز کو ان ماسک کررہا تھا۔
کمپنی کے مطابق بگ کو فکس کرلیا گیا ہے اور کسی قسم کے غلط استعمال کا عندیہ بھی نہیں ملا مگر پھر بھی صارفین احتیاطاً اپنے پاس ورڈ تبدیل کرلیں۔ یہ مسئلہ 4 مئی کو سامنے آیا تھا۔
ٹوئٹر عام طور پر صارفین کے پاس ورڈ اپنے سسٹم میں انکرپٹڈ رکھنے کے لیے ہیشنگ الگورتھم استعمال کرتی ہے اور ان پاس ورڈز کو کمپنی خود بھی نہیں پڑھ سکتی مگر بگ کے نتیجے میں وہ پاس ورڈ سامنے آگئے۔
ٹوئٹر کے سی ای او جیک ڈورسی کے مطابق یہ مسئلہ بگ کی وجہ سے ہوا اور اس پر قابو پانے کے ساتھ ایسے اقدامات کیے جارہے ہیں جو آئندہ ایسا نہ ہونے دیں۔ کمپنی نے واضح نہیں کیا کہ یہ بگ کتنے عرصے سے متحرک تھا۔
ٹوئٹر کے ایک ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ‘ ہم یقین دلاتے ہیں کہ یہ ہیکنگ کا معاملہ نہیں اور ہماری تحقیقات میں پاس ورڈز کا غلط استعمال بھی سامنے نہیں آیا۔ ہم یہ معلومات اس لیے شیئر کررہے ہیں تاکہ لوگ اپنے اکاﺅنٹ کی سیکیورٹی کے لیے مناسب فیصلہ کرسکیں’۔