پنجاب میں اساتذہ کے تبادلوں پر عائد پاپندی 3 ہفتوں کیلئے ختم

  • October 30, 2018 10:48 pm PST
taleemizavia single page

راولپنڈی: پنجاب کے سرکاری سکولوں کے اساتذہ کے تبادلوں پر عائد پاپندی اُٹھا لی گئی ہے. محکمہ سکولز ایجوکیشن پنجاب نے اساتذہ کے تبادلوں کے لیے شیڈول جاری کر دیا ہے.

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بُزدار نے اساتذہ کے تبادلوں‌ پر پاپندی ختم کرنے کی منظوری دی ہے.

وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد سرکاری سکولوں کے اساتذہ کے تبادلوں کی ابتدائی میرٹ لسٹ 2 نومبر کو آویزاں کی جائیں گی۔ محکمہ سکولز ایجوکیشن کی جانب سے جاری کیے گئے مراسلے کے مطابق یکم اپریل سے لے کر 31 مئی کے دوران جن اساتذہ نے تبادلوں کے لیے درخواستیں جمع کرا رکھی ہیں صرف ان اساتذہ کے تبادلے کیے جائیں گے ۔

محکمہ نے مراسلے میں کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اساتذہ کے تبادلے ٹرانسفر پالیسی 2013ء کے تحت کرنے کے سخت احکامات جاری کیے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ اساتذہ کے تبادلے صرف میرٹ پر کیے جائیں۔ اساتذہ کے تبادلوں کے لیے اعتراضات آٹھ نومبر تک داخل کرانے کا وقت دیا گیا ہے اور تبادلوں کی حتمی میرٹ لسٹیں 14 نومبر سے لے کر 18 نومبر تک کرنے کا شیڈول جاری کیا گیا ہے۔

21 نومبر کے بعد تمام اضلاع کی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز اساتذہ کے تبادلے کرنے کے مجاز نہیں ہوں گے۔

محکمہ نے اپنے مراسلے میں‌ کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایات جاری کی ہیں کہ میرٹ پر اساتذہ کے تبادلے کیے جائیں اور جس افسر نے میرٹ سے ہٹ کر اساتذہ کے تبادلے کیے تو ان کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں‌ لائی جائے گی.