اساتذہ کی بھرتیاں: ڈومیسائل، پی آر سی، سرٹیفکیٹس سب بوگس نکلے

  • July 4, 2018 12:02 am PST
taleemizavia single page

کراچی: سید محمد عسکری

صوبائی محکمہ تعلیم نے سابق وزیر تعلیم پیر مظہرالحق کے دور میں بھرتی کئے گئے لینگویج، ڈرائنگ اور اورینٹل اساتذہ کی بھرتیوں کو غیرقانونی قرار دے کر انہیں تنخواہیں نہ دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔

محکمہ تعلیم کے انتہائی باخبر ذرائع نے بتایا کہ عدالت کے حکم پر محکمہ تعلیم نے اندرون سندھ کے اساتذہ کی دستاویزات اور متعلقہ سرٹیفیکٹس کی جب تصدیق کی تو وہ بوگس نکلیں۔

محکمہ تعلیم کے ایک افسر کے مطابق ان بھرتیوں کے لئے نہ تو امیدواروں کے پاس اشتہار موجود تھا نہ ہی انہوں نے ٹیسٹ دیا اور تو اور ان کے ڈومیسائل، پی آر سی، سرٹیفکیٹس سب بوگس نکلے چنانچہ اس حوالے سے محکمہ تعلیم باقاعدہ خصوصی بنیادوں پر رپورٹ مرتب کر رہا ہے جو عدالت میں جمع کرائی جائے گی۔

یاد رہے کہ سابق وزیر تعلیم پیر مظہرالحق کے دور میں لینگویج اساتذہ جن میں عربی، سندھی، ڈرائنگ اور اورینٹل ٹیچرز شامل تھے۔ ہزاروں کی تعداد میں بھرتی کر لئے گئے جن کی وجہ سے ان کو تنخواہیں جاری نہیں ہو سکیں۔

تاہم ان اساتذہ نے اپنی تنخواہوں کے حصول کے لئے احتجاج کا سلسلہ برقرار رکھا اور عدالت تک چلے گئے جس پر طے کیا گیا کہ ان کی فائلیں دوبارہ جمع کی جائیں اور ان کی دستاویزات کا جائزہ لیا جائے گا تاہم اب محکمہ تعلیم ان تمام بھرتیوں کو غیرقانونی قرار دینے کا اصولی فیصلہ کر چکا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *