سپریم کورٹ: یونیورسٹیوں کو نئے لا کالجز کا الحاق نہ کرنے کا حکم
- January 21, 2018 6:37 pm PST
لاہور
سپریم کورٹ نے سرکاری یونیورسٹیوں کو تاحکم ثانی کسی نئے لاء کالج کے الحاق سے روک دیا۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اگر نقل کرکے ہی وکالت کرنا ہے تو انٹری ٹیسٹ ہی ختم کردیں۔
جبکہ نجی میڈیکل کالجز میں اضافی فیسوں کے خلاف ازخود نوٹس کی سماعت کےموقع ڈاکٹر عاصم کی عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے ڈاکٹر عاصم کو بلایا تھا لیکن سننے میں آیا ہےکہ وہ باہر جا رہے ہیں۔
ڈاکٹر عاصم کے وکیل کو فوری بلائیں ورنہ ان کا نام ای سی ایل میں ڈال دینگے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثارنے نجی میڈیکل کالجز کے وائس چانسلرز کے پیش نہ ہونے پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے قرار دیاکہ پیش نہ ہونے والوں کےخلاف کارروائی کی جائے گی۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار اور مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں نجی میڈیکل کالجز کی اضافی فیسوں سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کی۔