اُردو ڈکشنری بورڈ کے تحت بچوں کیلئے “لغت اطفال” کی تیاری
- March 14, 2017 6:17 pm PST
کراچی
اُردو ڈکشنری بورڈ بچوں کی ڈکشنری کی تیاری میں چاروں صوبوں، وفاقی، کیمبرج اور آغا خان بورڈز کے پہلی جماعت سے بارہوویں جماعت تک پڑھائے جانے والے نصاب میں شامل الفاظ بھی شامل کیے جارہے ہیں۔ اس ڈکشنری سے پرائمری، سیکنڈری اور ہائر سکینڈری کلاسز کے طلباء استفادہ کر سکیں گے۔
اُردو ڈکشنری بورڈ کے تحت تیار کی جانے والی اس لغت اطفال کی تیاری آخری مراحل میں ہے جس میں پروف ریڈنگ کی جارہی ہے۔
اس ڈکشنری میں پہلی بار میں الفاظ کے اُردو معنی کو مذکورہ زبان کے علاوہ رومن رسم الخط میں بھی تحریر کیا گیا ہے۔ الفاظ کے دیے گئے معنی کے ساتھ ہی رومن رسم الخط میں لفظ “بریکٹس” میں درج ہوگا۔
الفاظ کے معنی اور ہجوں کو اعراب کے ذریعے بھی واضح کیا جائے گا۔ اُردو ڈکشنری بورڈ کے چیف ایڈیٹر عقیل عباس جعفری کی نگرانی میں اس لغت کی تیاری کی جارہی ہے۔
دوسری جانب وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے 22 جلدوں پر مشتمل اُردو لغت کو ” ساؤنڈ ڈکشنری” میں تبدیل کر کے پی سی ون کی منظوری دے دی ہے اور آئندہ مالی سال میں اس پراجیکٹ کیلئے 69 لاکھ روپے کی رقم جاری کی جائے گی۔
ڈیجیٹلائزڈ اُردو لغت کے منصوبے کی تکیمل کے بعد بورڈ کی ویب سائٹ پر سااؤنڈ ڈکشنری کا آپشن بھی دیا جائے گا ساؤنڈ ڈکشنری کے ذریعے سامع الفاظ کے معنی کے ساتھ ساتھ اس کا تلفظ بھی سُن سکے گا۔
اسی طرح اُردو ڈکشنری بورڈ کی لائبریری میں موجود نادر و نایاب علمی نسخوں کو بھی آن لائن کیا جارہا ہے ان کتابوں میں گزشتہ دو سو سال پرانی کتابیں بھی شامل ہیں۔