ہائر ایجوکیشن کمیشن اور صومالیہ کے درمیان اعلیٰ تعلیم میں تعاون پر معائدہ
- November 12, 2017 8:15 pm PST
اسلام آباد
صومالیہ کے وزیر تعلیم کی سربراہی میں چار رکنی وفد اسلام آباد پہنچ گیا، وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت انجینئر بلیغ الرحمان سے وفد نے ملاقات کی۔
اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری وزارت تعلیم و تربیت عمران احمد ، ڈی جی ایجوکیشن مسز طلعت انجم،چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد اوروزارت کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔صومالیہ کے وفد نے پاکستانی حکام کے ساتھ تعلیم کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر اہم بات چیت کی۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے صومالیہ وزارت تعلیم کے ساتھ تعلیمی وفود کے تبادلوں اور سکالر شپ جیسے اہم پراجیکٹس کے حوالے سے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط بھی کیے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ صومالیہ پاکستان میں صومالیہ کے طلبا کو زیادہ سے زیادہ وظائف دینے کی استدعا کررہا ہے ،واضح رہے کہ صومالیہ کے طلبا و طالبات اس وقت اسلامی یونیورسٹی اوردیگر پاکستانی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔
صومالیہ کے وزیر نے کہا کہ اس وقت صومالیہ کے سٹوڈنٹس کی خاصی تعداد پاکستان آنے کی خواہش مند ہے اور ہمارے طلبا کو مزید وظائف کی اشد ضرورت ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم و تربیت انجینئر بلیغ الرحمنٰ نےکہا کہ پاکستان صومالیہ کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے اور صومالیہ کے طلبا کو مختلف یونیورسٹیوں میں کھپانے کی ہر ممکن کوشش کرے گا، بعدازاں وفاقی وزیر انجینئر بلیغ الرحمن نے صومالیہ کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔