سندھ کے تعلیمی ادارے 4 اپریل کو بند رکھنے کا اعلان
- April 1, 2019 9:03 pm PST
کراچی: حکومت سندھ نے پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی 40ویں برسی کے موقع پر 4 اپریل کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ اس ضمن میں صوبے کے تمام سکولز، کالجز اور جامعات بھی بند رہیں گی.
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے ذوالفقارعلی بھٹو کی 40 ویں برسی کے موقع پر 4 اپریل کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، اور اس کا باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے کے ماتحت تمام سرکاری دفاتر، خودمختار کارپوریشنز اور بلدیاتی کونسلز بند رہیں گے تاہم اس کا اطلاق وفاقی اور نجی اداروں پر نہیں ہوگا۔ تاہم سندھ بھر میں جاری امتحانات کو منسوخ کرنے کے حوالے سے کوئی اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا ہے.
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے بانی کی برسی کے موقع پر 4اپریل کو پارٹی کی جانب سے گڑھی خدا بخش میں تقریبات منعقد کی جائیں گی جس میں پارٹی کے مرکزی رہنما، وزرا، سینٹرز، ممبران اسمبلی اور کارکنان شرکت کریں گے۔