سندھ: 25 ہزار کنٹریکٹ اساتذہ کو مستقل کرنے کا فیصلہ
- November 4, 2018 12:43 pm PST
کراچی: سیکرٹری تعلیم کی جانب سے سندھ میں تقریباً 25 ہزار کنٹریکٹ اساتذہ کو مستقل کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں محکمہ تعلیم نے کمیٹی قائم کردی ہے جس کے چیئرمین ڈائریکٹر اسکولز ایجوکیشن ہوں گے۔ کمیٹی کے ممبران میں ڈی ای او پرائمری اور ڈی ای او ایلیمینٹری بھی شامل ہیں۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے مقامی سطح پر ریگیولرائیزیشن کمیٹیاں قائم کردی گئیں ہیں۔ کمیٹی 2014 سے 2018 تک بھرتی ہونے والے تمام اساتذہ کے ریکارڈ کا جائزہ لے گی۔
اس کے علاوہ ڈی جی ایچ آر اور بائیومیٹرک سے حاصل کردہ ریکارڈ کے ذریعے اساتذہ کی حاضری اور کارکردگی کی جانچ پڑتال بھی کمیٹی کی ذمہ داری ہے۔ مزید اس سلسلے میں کمیٹی کو اساتذہ کی تصدیق اور ریکارڈ کی اسکروٹنی کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔
سندھ یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقدہ ٹیسٹ کے ذریعے تقریباً 7 ہزار اساتذہ کو بھرتی کیا گیا ہے تاہم این ٹی ایس کے ذریعے 18 ہزار کے لگ بھگ اساتذہ بھرتی ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ کانٹریکٹ اساتذہ میں پرائمری، سیکنڈری اور ہائیر سیکنڈری ٹیچرز شامل ہیں۔