قائمقام وائس چانسلرز کیلئے بھی سرچ کمیٹی انٹرویوز کریگی
- April 25, 2018 1:59 pm PST
لاہور
پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ جن جامعات میں عدالتی حکم پر قائمقام وائس چانسلرز تعینات کیے جائیں گے اس کے لیے سینئر پروفیسرز کے پینل کا انٹرویو لیا جائے گا۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی اور پنجاب یونیورسٹی میں قائمقام وائس چانسلر تعینات کرنے کے لیے سینئر پروفیسرز کا پینل سرچ کمیٹی کو ارسال کر چکی ہے۔ لاہور کالج کے لیے سینئر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ خان، ڈاکٹر شگفتہ ناز اور ڈاکٹر فرخندہ منظور کا نام پینل میں شامل ہوگا۔
پنجاب یونیورسٹی سے ڈاکٹر تقی زاہد بٹ، ڈاکٹر شاہد کمال، ڈاکٹر فخر الحق نوری اور ڈاکٹر سلیم مظہر کا انٹرویو قائمقام وائس چانسلر کے لیے سرچ کمیٹی کرے گی۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن کے ذرائع کے مطابق ستائیس اپریل کو دونوں یونیورسٹیوں کے پروفیسرز کے انٹرویوز سرچ کمیٹی کرے گی۔
سرچ کمیٹی میں صنعتکار اور لمز کے ریکٹر رزاق داؤد، نور انٹرنیشنل یونیورسٹی کے چیئرمین ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی، آئی ٹی یونیورسٹی لاہور کے قائمقام وائس چانسلر ڈاکٹر عمر سیف، چیئرپرسن پنجاب کمیشن آن ویمن سٹیٹس اینڈ ڈویلپمنٹ فوزیہ وقار اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن شامل ہیں۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم پر پنجاب یونیورسٹی میں مستقل وائس چانسلر تعینات کرنے کے لیے اخبارات میں اشتہار جاری کر دیا ہے جس کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 9 مئی مقرر کی گئی ہے۔