پنجاب میں اساتذہ کی ریشنلائزیشن کا آغاز اکتوبر سے کرنے کا فیصلہ
- September 21, 2019 2:30 pm PST

راولپنڈی: محکمہ سکولز ایجوکیشن پنجاب نے سرکاری سکولوں کے اساتذہ کی ریشنلائزیشن پالیسی کو اکتوبر کے پہلے ہفتے سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے. اس ضمن میں صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن ڈاکٹر مراد راس نے ٹویٹ کے ذریعے سے اعلان بھی کر دیا ہے.
صوبائی وزیر کے مطابق سرکاری سکولوں کے اساتذہ کی ریشنلائزیشن آئندہ مہینے سے شروع ہوگی اور یہ عمل ایک مہینے میںہی مکمل کر لیا جائے گا.
انھوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صوبے میں پہلی بار ریشنلائزیشن شفاف اور حقیقی معنوں میں کی جائے گی.
محکمہ سکولز ایجوکیشن نے سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی تعداد کو طلباء کی تعداد کے مطابق کرنے کے لیے فہرستیں تیار کر لی ہیں اور ان فہرستوں کے مطابق جن سکولوں میں اساتذہ کا تناسب زیادہ ہوگا انھیں وہاں بھیج دیا جائے گا جہاں اساتذہ کی تعداد کم ہے.
محکمہ سکولز کے مطابق اساتذہ کا تبادلہ قریب ترین سکول میں کیا جائے گا اور اس کے لیے باقاعدہ طور پر ہدایات آئندہ مہینے جاری کر دی جائیں گی.