روٹری انٹرنیشنل کی گورنر پاکستان فائزہ قمرکا ویزوں کے نام پر فراڈ

  • August 25, 2017 3:36 pm PST
taleemizavia single page

اسلام آباد

روٹری انٹرنیشنل کی ڈسٹرکٹ گورنر پاکستان فائزہ قمر کا اپنے عہدے کا حلف لینے کے دو مہینے بعد ہی فراڈ کا سیکنڈل منظر عام پر آ گیا ہے جس پر پاکستان بھر میں قائم روٹری کلبز کے ممبران اور سینئر روٹیرین سے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

تعلیمی زاویہ کو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق گورنر پاکستان فائزہ قمر مبینہ طور پر کینیڈا کے ویزے لگوانے کے لیے بطور ایجنٹ خفیہ طور پر کام کرتی ہیں اس کا انکشاف اُس وقت ہوا جب شہری محمد حسن سے ویزے کے نام پر پانچ لاکھ روپے لینے کے باوجود ویزہ نہیں لگوایا گیا۔

محمد حسن نے فائزہ قمر کے اس فراڈ پر عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ عدالت نے ایف آئی اے سے اس کیس سے متعلق فوری طور پر جواب جمع کرانے کا حکم بھی جاری کر دیا ہے۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رفاقت علی گوندل کی عدالت میں شہری محمد حسن نے درخواست دائر کی ہے کہ فائزہ قمر نے خود کو روٹری انٹرنیشنل کا ڈسٹرکٹ گورنر بتا کر کہا کہ وہ فارن آفس میں گریڈ 20 کی آفیسر بھی ہے اور وہ اپنے ذاتی تعلقات کی بناء پر ویزے لگواتی ہیں۔

شہری محمد حسن نے الزام عائد کیا ہے کہ فائزہ قمر نے کینیڈا کے ویزے کے عوض دس لاکھ روپے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس کی بیٹی سیمل زمان کینیڈا کے ہوم آفس میں کام کرتی ہے جبکہ اس کا بیٹا سچل زمان بھی کینیڈا میں رہتا ہے اور سرکاری سطح پر اس کے مضبوط تعلقات ہے۔

محمد حسن نے درخواست میں الزام لگایا کہ انہوں نے کاغذات کی تیاری کے لئے سات جون کو فائزہ قمر کو دو لاکھ روپے ایڈوانس بھی جمع کرا دیے ہیں۔ محمد حسن کی درخواست میں لکھا گیا ہے کہ اس کے بعد اُنہوں نے تین لاکھ روپے مزید ادا کیے۔

محمد حسن نے الزام عائد کیا ہے کہ فائزہ قمر نے اُس سے مزید 5 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا ہے اور فائزہ قمر نے بتایا کہ اُن کے پاس 5 سو کینیڈین ویزوں کا کوٹہ ہے اگر اُس کے مزید دوست بھی کینیڈا جانے کے خواہشمند ہیں تو ان کی درخواستیں بھی جمع کرا دی جائیں۔

محمد حسن نے الزام عائد کیا ہے کہ فائزہ قمر نے اُن سے لاہور میں کینیڈا کے سفیر اور ہائی کمشنر سے ملاقات کرانے کا بھی جھانسہ دیا۔

محمد حسن نے عدالت سے استدعا کی کہ روٹری انٹرنیشنل کی ڈسٹرکٹ گورنر فائزہ قمر ، بیٹی سیمل زمان اور بیٹے سچل زمان کے خلاف کینیڈین ویزے کا لالچ دے کر پانچ لاکھ روپے وصول کرنے پر ایف آئی اے کو مقدمہ درج کر کے ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا جائے۔

فائزہ قمر پر لگائے گئے الزامات پر موقف جاننے کیلئے اُن سے متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

روٹری انٹرنیشنل کے پاکستان میں دو بڑے پراجیکٹس ہیں جس پر سالانہ اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں۔ انسداد پولیو مہم اور لٹریسی پراجیکٹ ان میں نمایاں ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *