روٹری انٹرنیشنل: ڈسٹرکٹ گورنر فائزہ قمر کے مالی فراڈ پرعدالتی کارروائی
- September 27, 2017 4:24 pm PST
لاہور
کینیڈا کے ویزے کے حصول میں روٹری انٹرنیشنل کی ڈسٹرکٹ گورنر فائزہ قمر کے خلاف عدالت جانے والے شہری حسن نے ہراساں کئے جانے پر عدالت سے دوبارہ رجوع کر لیا۔
شہری محمد حسن نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج فیاض احمد بٹر کی عدالت میں درخواست دائر کی ہے کہ روٹری انٹرنیشنل کی ڈسٹرکٹ گورنر فائزہ قمر کی جانب سے کینیڈین ویزہ کا لالچ دے کر پانچ لاکھ روپے لوٹنے پر عدالت نے ایف آئی اے سے جواب طلب کر رکھا ہے ۔
جس پر عدالت نے متعلقہ حکام کو محمد حسن کو ہراساں نہ کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے ایف آئی اے حکام سے جواب طلب کر لیا ہے۔ تاہم ایف آئی اے اور فائزہ قمر کی جانب سے انہیں مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے۔
ایف آئی اے حکام اور فائزہ قمر کو دھمکیاں دینے سے روکا جائے۔ قبل ازیں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رفاقت علی گوندل کی عدالت میں شہری محمد حسن نے درخواست دائر کی رکھی ہے کہ فائزہ قمر نے خود کو روٹری انٹرنیشنل کا ڈسٹرکٹ گورنر بتا کر کہا کہ وہ فارن آفس میں گریڈ 20 کی آفیسر بھی ہے۔
بیرون ممالک ویزہ لگوانا اس کے بائیں ہاتھ کا کھیل ہے کینیڈا کا ویزہ اس کے لئے کوئی مسئلہ نہیں۔فائزہ قمر نے کینیڈا کے ویزے کے عوض دس لاکھ روپے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس کی بیٹی سیمل زمان کینیڈا کے ہوم آفس میں کام کرتی ہے جبکہ اس کا بیٹا سچل زمان بھی کینیڈا میں رہتا ہے اور اس کے مضبوط تعلقات ہے۔
محمد حسن نے درخواست میں الزام لگایا کہ انہوں نے کاغذات کی تیاری کے لئے سات جون کو فائزہ قمر کو دو لاکھ روپے ایڈوانس دئیے ۔
بعد ازاں تین جولائی کو محمد حسن نے دو گواہوں طاہر اور شہزاد گل کی موجودگی میں فائزہ قمر اور اس کی بیٹی جس نے اپنے آپ کو کینیڈاکے ہوم ڈیپارٹمنٹ کا آفیسر ظاہر کیا ، مزید تین لاکھ روپے دے دئیے۔
اس کے بعد 9 جولائی کو فائزہ قمر نے سرینا ہوٹل اسلام آباد میں ایک تقریب میں بھی بلایا جس میں کینیڈین ویزہ کے بارے میں سٹال بھی لگا ہوا تھا اور کینیڈا کا سفیر بھی اس تقریب میں موجود تھا۔ اس پر میں بہت متاثر ہوا ۔
اگلے دن فائزہ قمر نے مجھ سے مزید پانچ لاکھ روپے کی بھی ڈیمانڈ کر دی تاہم میں نے کاغذات کا مطالبہ کر دیا۔ بعد ازاں فائزہ قمر سے متعدد بار رابطے کی کوشش کی تاہم اس کے بیٹے نے بتایا کہ وہ اسلام آباد میں نہیں ہے۔17 جولائی کو فائزہ قمر سے دوبارہ ملاقات ہوئی تو اس نے کہا کہ اس کے پاس پانچ سو کینیڈین ویزوں کا کوٹہ ہے اور وہ جسے چاہے ویزہ دے دے لہذا کچھ اور لوگوں کو بھی اپنے ساتھ ملا لو ۔
اس موقع پر اس نے مجھے بھی فی کس بھاری رقم کا لالچ بھی دیا۔ بعد ازاں 9 ستمبر کو لاہور میں پی سی ہوٹل میں کینیڈین ایمبیسیڈر اور ہائی کمشنر سے ملاقات کروانے کا بھی وعدہ کیا۔
محمد حسن نے عدالت سے استدعا کی کہ روٹری انٹرنیشنل کی ڈسٹرکٹ گورنر فائزہ قمر ، بیٹی سیمل زمان اور بیٹے سچل زمان کے خلاف کینیڈین ویزے کا لالچ دے کر پانچ لاکھ روپے وصول کرنے پر ایف آئی اے کو مقدمہ درج کر کے ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا جائے ۔