کوئین میری کالج لاہور: بجٹ اور اساتذہ کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری

  • June 8, 2017 11:38 pm PST
taleemizavia single page

لاہور

کوئین میری کالج کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں پرنسپل کالج ڈاکٹر عرفانہ مریم کی جانب سے آئندہ مالی سال کے لیے بجٹ پیش
کیا گیا جبکہ کالج اور سکول میں ترقیاتی کاموں کی منظوری بھی لی گئی۔

آئندہ مالی سال میں کوئین میری کالج و سکول کے اخرجات کا تخیمنہ 32 کروڑ 82 لاکھ روپے رکھا گیا ہے جبکہ آمدن 36 کروڑ 73 لاکھ روپے تخمینہ لگایا گیا ہے یوں کوئین میری کالج کے آئندہ بجٹ میں ایک کروڑ 91 لاکھ روپے سرپلس ہے۔

کوئین میری کالج اور سکول سے طالبات کی فیسوں کی مد میں 6 کروڑ 91 لاکھ روپے آمدن کا تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ گرانٹ ان ایڈ کی مد میں 16 کروڑ 81 لاکھ روپے ملنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ کوئین میری کالج و سکول کے اساتذہ و ملازمین کی تنخواہوں ، الاؤنسز اور دیگر امور پر 30 کروڑ اکہتر لاکھ روپے کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ پرافٹ اکاؤنٹ کی مد سے 2 کروڑ 11 لاکھ روپے خرچ کرنے کے لیے شامل کیے گئے ہیں۔

بجٹ میں سکول سیکشن، کالج سیکشن، ایم اے بلاک میں رنگ و روغن، رینوویشن کی مد اور جنرل ورک کی مد 4 کروڑ 50 ہزار روپے رکھے گئے ہیں۔ میڑک میں ایک ہزار سے زائد نمبرز لینے والی طالبات کوئین میری کالج میں داخلے کے بعد اینڈومنٹ فنڈ سے 5 ہزار روپے فی طالبہ کو سکالر شپ کی مد میں دینے کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔کالج آئندہ سال 60 طالبات میں پانچ ہزار روپے فی طالبہ کے حساب سے 3 لاکھ روپے سکالر شپ کی مد میں دے گا۔

واضح رہے کہ اینڈومنٹ فنڈ کے لیے کالج کی ہر طالبہ سے 198 روپے جبکہ سکول کی ہر طالبہ سے 63 روپے فیس کی مد میں وصول کیے جاتے ہیں۔ کوئین میری کالج میں فنڈ بیسڈ ملازمین کی تنخواہوں میں ایک ہزار روپے اضافہ کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔کوئین میری کالج میں کنٹریکٹ پر تعینات 43 ٹیچرز کے کنٹریکٹ میں 31 دسمبر 2018 تک توسیع کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔

بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں پانچ اور 10 کے وی اے کا جنریٹر خریدنے کی بھی منظوری دی گئی ہے جبکہ آئندہ تعلیمی سال میں جوابی کاپیوں، سرٹیفیکیٹس، ڈائریز کی پرنٹنگ کے لیے 13 لاکھ روپے، پرنٹنگ آف میگزین کے لیے 13 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

آئندہ بجٹ میں پرنٹنگ آف پراسپیکٹس کے لیے 15 لاکھ روپے، کمپیوٹر کی خریداری کے لیے 18 لاکھ پچاس ہزار روپے، بسوں کی مرمت کے لیے 45 لاکھ روپے، سٹیشنری کی خریداری کے لیے 15 لاکھ روپے، واک تھرو گیٹس کی خریداری کے لیے 5 لاکھ روپے جبکہ فرنیچر کی خریداری کے لیے 7 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *