پنجاب یونیورسٹی: لاء کی جعلی ڈگریوں کا انکشاف،45 قانون دان پکڑے گئے

  • August 5, 2018 11:48 am PST
taleemizavia single page

لاہور: آمنہ مسعود

لاء کی جعلی ڈگریوں پر45 قانون دانوں کا مقدمات لڑنے کا انکشاف ہوا ہے۔ پنجاب یونیورسٹی لاہور میں چار ہزار 700 ایل ایل بی کی ڈگریوں کی تصدیق کے پہلے فیز میں 45 جعلی ڈگریوں کا انکشاف ہوا ہے۔

سپریم کورٹ کے حکم پر پنجاب یونیورسٹی ایل ایل بی کی ڈگریوں کی تصدیق کی جارہی ہے۔ پنجاب بار کونسل نے یونیورسٹی کو 4 ہزار 700 ایل ایل بی کی ڈگریوں کی تصدیق کے لیے بھجوائی ہیں۔ پنجاب یونیورسٹی نے پہلے فیز میں 2 ہزار 250 لاء کی ڈگریوں کی تصدیق مکمل کر لی ہے۔

ڈگریوں کی تصدیق کے دوران 45 ڈگریاں بوگس اور جعلی ثابت ہوگئی ہیں جبکہ مزید ڈگریوں کی تصدیق جاری ہے۔ سپریم کورٹ نے پنجاب یونیورسٹی کو حکم جاری کیا تھا کہ 1995ء سے لے کر 30 جون 2018ء تک ایل ایل بی کی ڈگریوں کی تصدیق کرے، یونیورسٹی کے شعبہ امتحانات نے 2 ہزار 250 ڈگریوں کی تصدیق کی رپورٹ سپریم کورٹ ارسال کر دی ہے۔

یونیورسٹی نے 40 ڈگریوں پر اعتراضات لگائے ہیں اور ڈگری رکھنے والے قانون دانوں کو ذاتی شنوائی کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے جاری ہونے والے نئے حکم نامے میں پنجاب یونیورسٹی کو کہا گیا ہے کہ 2005ء کے بعد جاری ہونے والی ایل ایل بی کی ڈگریوں کی تصدیق ترجیح بنیادوں پر کی جائے۔

پنجاب بار کونسل کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ایک لاکھ وکلاء اُن کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں جبکہ جعلی ڈگری کیس سے متعلق اب تک 134 ایف آئی آرز درج کرائی گئی ہیں۔ جن 45 قانون دانوں کی جعلی ڈگریاں پکڑی گئی ہیں ان کے ناموں کی تفصیلات سپریم کورٹ کو بھیج دی گئی ہیں اور فائنل رپورٹ آئندہ ہفتے ارسال کر دی جائے گی۔

پنجاب یونیورسٹی دوسرے فیز میں ایل ایل بی کی 2 ہزار 450 ڈگریوں کی تصدیق کر رہی ہے۔ ان ڈگریوں میں پنجاب یونیورسٹی لاء کالج اور یونیورسٹی سے الحاق شدہ پرائیویٹ کالجوں کی ڈگریاں بھی تصدیق کی جارہی ہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *