وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کا عہدہ مشتہر

  • April 14, 2022 5:04 pm PST
taleemizavia single page

لاہور، آمنہ مسعود

پنجاب یونیورسٹی میں نئے وائس چانسلر کی تقرری کے لیے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کے عہدے کے لیے اُمیدوار 29 اپریل تک اپنی درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔

محکمہ نے وائس چانسلر تقرری کے لیے ضابطہ بھی جاری کر دیا ہے، تفصیلات کے مطابق پی ایچ ڈی ڈگری کے 35 نمبرز، پیشہ وارانہ تجربہ کے 30 نمبرز جبکہ تحقیقی مقالہ جات اور کتابوں کی اشاعت کے 35 نمبرز مختص کیے گئے ہیں۔ سرچ کمیٹی کو انٹرویوز کے لیے 100 نمبرز دینے کا اختیار سونپا گیا ہے۔

وائس چانسلر کے عہدے کے لیے کوالیفیکیشن کی مد میں 75 فیصد نمبرز کے حامل اُمیدواروں کو انٹرویوز کے لیے شارٹ لسٹ کیا جائے گا۔ ضابطہ کے تحت انٹرویوز کے 50 فیصد نمبرز اور 50 فیصد نمبرز کوالیفیکیشن کی مد میں شامل کیے جائیں گے۔

پنجاب یونیورسٹی میں وائس چانسلر کی تقرری کے لیے قائم سرچ کمیٹی میں ریکٹر نسٹ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ جاوید محمود بخاری کنونیئر ہیں جبکہ پروفیسر ڈاکٹر اکمل حسین، سید طاہر شہباز، چیئرپرسن پنجاب ایچ ای سی اور سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن سرچ کمیٹی کے ممبران ہیں۔

پنجاب یونیورسٹی کے موجودہ وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد اختر کی مدت ملازمت جون میں ختم ہو جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.