پنجاب یونیورسٹی کا کینسر ریسرچ سنٹر قائم کرنے کا اعلان
- January 15, 2019 7:40 pm PST
لاہور: وائس چانسلر پروفیسر نیا زاحمد اختر نے پنجاب یونیورسٹی میں کینسر ریسرچ سنٹر قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت کرنا اعلیٰ اور تحقیقی اداروں کی ذمہ داری ہے۔
وہ پنجاب یونیورسٹی کالج آف فارمیسی کے زیر اہتمام گروپ آف انٹیلیکچوئیل اینڈ ریسرچ آف پاکستان کے اشتراک سے منعقدہ نمائش سے خطاب کر رہے تھے. یہ نمائش ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان، پنجاب فوڈ اتھارٹی ، پنجاب ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ ، سرجیکل اونکولوجی سوسائٹی سمیت مختلف فارماسیوٹیکل کمپنیز اور تحقیقی اداروں کے اشتراک سے منعقد کی گئی ہے.
نمائش میں فارماسیوٹیکل اور بائیوکیمیکل سائنسز ، ریسرچ آن اونکولوجی اور کینسر سائنسز ، فوڈ ایگریکلچرل سائنسز اورٹیکنالوجی پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنسزاور قومی و بین الاقوامی کمپنیوں کی طرف سے آلات رکھے گئے ہیں.
وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد اختر نے کہا کہ قومی سطح پر کینسر کے خلاف کام کرنے کی ضرورت ہے جس کیلئے پنجاب یونیورسٹی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کینسر جیسی موذی بیماریوں کے علاج کیلئے سستی ادویات کی فراہمی پر مل کر کام کرنا ہوگا اور اس سلسلے میں تعلیمی اداروں اور انڈسٹری کا اکٹھا ہونا اچھا اقدام ہے۔
کانفرنس اور نمائش میں دنیا بھر کے 70ممالک سے مندوبین شرکت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نمائش ایکسپو سنٹر میں جاری رہے گی جس میں 120سٹالز پر 2ارب روپے مالیت کے آلات نمائش کے لئے رکھے گئے ہیں۔