پنجاب یونیورسٹی کا دُبئی کیمپس کھولنے کا فیصلہ،منصوبہ دُبئی کمپنی کو سُپرد
- August 3, 2017 8:22 pm PST
لاہور: آمنہ مسعود
پنجاب یونیورسٹی نے دُبئی کی نالج اینڈ ہیومن ڈویلپمںٹ کمپنی کے ساتھ معائدہ کیا ہے جس کے تحت یونیورسٹی کا دُبئی میں کیمپس کھولا جائے گا۔
دُبئی کی اس کمپنی کے تحت پروفیشنلز اینڈ اکاؤنٹینسی سنٹر اور ہیلے کالج آف بنکنگ اینڈ فنانس مشترکہ طور پر اس منصوبے پر کام کرے گا تاہم دُبئی کی یہ کمپنی کیمپس کھولنے کے منصوبے کو حتمی شکل دے گی۔
آج پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس میں اس معائدے پر دستخط کرنے کا با ضابطہ تقریب کا انعقاد ہوا اور یونیورسٹی میں عدالت کے تعینات کردہ عارضی وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر اور کمپنی کے چیئرمین جمیل قریشی نے معائدے پر دستخط کیے ہیں۔
اس تقریب میں کمپنی کے صدر میاں احمد فرحان،ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز ڈاکٹر فوزیہ ہادی علی، رجسٹرار پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر خالد خان بھی موجود تھے جبکہ ہیلے کالج کے پرنسپل ڈاکٹر مبشر منور خان نے بھی شرکت کی۔
پنجاب یونیورسٹی کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا معائدہ ہے جس کے تحت بیرون ملک یونیورسٹی کا کیمپس کھولا جائے گا۔
خیال رہے لاہور ہاہیکورٹ کی جانب سے وائس چانسلر تقرری کیس کے فیصلے اور حکم سے پہلے پنجاب یونیورسٹی کے عارضی وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر دُبئی کی پرائیویٹ یونیورسٹی میں تدریسی فرائض سر انجام دے رہے تھے۔ جنہیں عدالتی حکم پر عارضی طور پر وائس چانسلر کا چارج دیا گیا ہے۔