پنجاب یونیورسٹی میں سلیکشن بورڈ ضوابط کی خلاف ورزی پر ملتوی

  • May 1, 2017 2:12 pm PST
taleemizavia single page

لاہور: آمنہ مسعود

پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے تین مئی سے شروع ہونے والے سلیکشن بورڈز کو ضوابط پر مکمل عمل درآمد نہ ہونے کی بناء پر ملتوی کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سنڈیکیٹ میں پینل آف ایکسپرٹس کی منظور کردہ فہرست میں ایسے ناموں کو بھی شامل کر دیا گیا تھا جن کی پہلے سلیکشن بورڈ کے ممبران کی جانب سے منظوری نہیں دی گئی تھی۔

پنجاب یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ نے آٹھ اپریل کو اپنے اجلاس میں پینل آف ایکسپرٹس کی فہرستوں کی منظوری دی تھی۔

شیڈول کے مطابق پروفیسرز، ایسوسی ایٹ پروفیسرز اور اسسٹنٹ پروفیسرز کی بھرتیوں کے لیے سلیکشن بورڈز کا آغاز تین مئی سے ہونا تھا جو چھ مئی تک جاری رہتا۔

یونیورسٹی کیلنڈر کے مطابق پینل آف ایکسپرٹ کے ناموں کی سفارشات متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ کی جانب سے کی جاتی ہیں اور متعدد شعبہ جات کے سربراہان نے ان ناموں پر اپنے فیکلٹی ممبران سے تبادلہ خیال بھی نہیں کیا اور ایسے شعبہ جات بھی شامل ہیں جن کے پاس سنڈیکیٹ کی منظور کردہ فہرست کی تفصیلات بھی موجود نہیں ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ سلیکشن بورڈ کی 28 فروری کو ہونے والے اجلاس میں رجسٹرار کو بھی اختیارات تفویض کر دیے گئے جو کہ یونیورسٹی کیلنڈر کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ کیلنڈر کے مطابق سلیکشن بورڈ کو بھی یہ اختیار حاصل نہیں ہے کہ وہ اپنے اختیارات کسی کو تفویض کرے۔

پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے وائس چانسلرز تقرری کیس کے فیصلے کے باعث سلیکشن بورڈ ملتوی کیا گیا ہے اور اس بورڈ کو منعقد کرنے سے پہلے تمام ضروری اقدامات بھی اُٹھائے جائیں گے۔

یونیورسٹی کی فیکلٹی آف سائنس کے سینئر اُستاد نے اپنا نام نہ بتانے کی شرط پر کہا کہ عبوری وائس چانسلر کو یہ اختیار حاصل نہیں ہے کہ وہ یونیورسٹی میں مستقل بھرتیوں کے لیے بورڈز منعقد کرے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پینل آف ایکسپرٹ کی پہلے مرحلے میں سلیکشن بورڈ سے منظوری کے بغیر ہی سنڈیکیٹ کی منظوری غیر قانونی ہے۔

پروفیسر کا کہنا ہے کہ بعض سائنس کے شعبہ جات میں جن اساتذہ کو پروفیسر اور ایسوسی ایٹ پروفیسر کے لیے کال لیٹرز جاری کیے گئے ہیں اُن کی میرٹ کے مطابق شارٹ لسٹنگ ہی ممکن نہیں ہے۔ جس سے یہ بورڈ مزید تضادات کا شکار ہوتا ہے۔

پنجاب یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر خالد خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سلیکشن بورڈ کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کر دیا جائے گا اور بورڈ کے لیے تمام ضروری اقدامات پورے کیے جارہے ہیں۔

پنجاب یونیورسٹی میں اساتذہ کی بھرتیوں کے لیے سلیکشن بورڈ تین مئی سے چھ مئی تک منعقد ہونا تھے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *