پنجاب یونیورسٹی: پی ایچ ڈی ماس کیمونیکیشن کا دوبارہ انٹری ٹیسٹ لینے کا فیصلہ
- August 23, 2017 12:56 pm PST
لاہور
انسٹیٹوٹ آف کیمونیکیشن اسٹڈیز پنجاب یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی میں داخلے ایک بار پھر متنازع ہوگئے ہیں۔ قائمقام وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے انسٹیٹیوٹ آف کیمونیکیشن اسٹڈیز کی فیکلٹی کے ساتھ ہنگامی اجلاس کیا۔
ادارے میں پی ایچ ڈی میں داخلوں کے لیے 15 سیٹیں مختص ہیں جبکہ ٹیسٹ میں شرکت کرنے والے 87 اُمیدواروں میں سے 80 اُمیدواروں کو فیل کر دیا گیا۔
پی ایچ ڈی کے انٹری ٹیسٹ پر اُمیدواروں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا جس پر وائس چانسلر کی جانب سے ہدایات جاری کی گئیں کہ پی ایچ ڈی کا انٹری ٹیسٹ دوبارہ لیا جائے اور اس کے لیے تمام قومی اخبارات میں اشتہارات دیے جائیں گے۔
انسٹیٹیوٹ آف کیمونیکیشن اسٹڈیز میں پی ایچ ڈی کی 8 سیٹوں کے لیے دوبارہ انٹری ٹیسٹ ہوگا جس کا شیڈول جلد جاری کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ادارے میں گزشتہ سال بھی پی ایچ ڈی کے داخلوں کا انٹری ٹٰیسٹ متنازع ہوگیا تھا اور پی ایچ ڈی میں داخلے نہیں کیے گئے تھے۔ گزشتہ سال انٹری ٹیسٹ میں فیل ہونے والے اُمیدواروں کو اضافی نمبرز دے کر پاس کیا گیا تھا جس کی نشاندہی کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے اس ٹیسٹ کو منسوخ کر دیا تھا۔
ماہرین تعلیم کے مطابق بین الاقوامی سطح پر یہ پالیسی رائج ہے کہ اگر کسی بھی ٹیسٹ میں 75 فیصد سے زائد اُمیدوار فیل ہوجائیں تو اس ٹیسٹ کو منسوخ کر دیا جاتا ہے تاہم پنجاب یونیورسٹی میں اس پالیسی کو نہیں اپنایا گیا۔