پنجاب یونیورسٹی: بی اے/ بی ایس سی میں تمام پوزیشنز لڑکیوں نے حاصل کر لیں

  • September 7, 2017 10:40 am PST
taleemizavia single page

لاہور

پنجاب یونیورسٹی کے تحت بی اے بی ایس سی سالانہ امتحانات 2017ء کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ان امتحانات میں مجموعی طور پر 2لاکھ 29 ہزار 401 اُمیدواروں نے شرکت کی۔

بی اے بی ایس سی پارٹ ون میں ایک لاکھ 33 ہزار 892اُمیدواروں میں سے 48ہزار 633اُمیدوار پاس، بی اے بی ایس سی پارٹ ٹو میں 75 ہزار 376اُمیدواروں میں سے 33 ہزار 154اُمیدوار پاس جبکہ بی اے بی ایس سی کمپوزٹ امتحان میں 20 ہزار 133 اُمیدواروں میں سے 6 ہزار 139 طلباء پاس ہوئے ہیں۔

پارٹ ون کے امتحان میں کامیابی کا تناسب 36.32 فیصد، پارٹ ٹو میں 43.98 فیصد جبکہ کمپوزٹ امتحان میں کامیابی کا تناسب 30.49 فیصد رہا ہے۔ مجموعی طور پر ان امتحان میں کامیابی کا تناسب 38.32 فیصد رہا ہے۔

اس امتحان میں 66 ہزار 124لڑکوں میں سے 16 ہزار 733 لڑکے کامیاب ہوئے ہیں یوں کامیابی کا تناسب صرف 25.30 فیصد رہا ہے جبکہ ایک لاکھ 63 ہزار 277 لڑکیوں میں سے 71 ہزار 194 پاس ہوئیں یوں لڑکیوں میں کامیابی کا تناسب 43.60 فیصد رہا ہے۔

پنجاب کالج فار ویمن سول لائنز گجرانوالہ کی صدف زاہد نے 681نمبروں کے ساتھ بی ایس سی میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ گورنمنٹ کالج فار ویمن جہلم کی انیلہ یاسمین اور گورنمنٹ کالج فار ویمن جھنگ کی ملیحہ انور نے بی ایس سی 673 نمبروں کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ بی ایس سی میں تیسری پوزیشن پر پنجاب کالج آف سائنس فیصل آباد کی عاصمہ لطیف نے 668نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔

بی اے میں قصور کی پرائیویٹ اُمیدوار نگہین فاطمہ نے 681نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ حافظ آباد سے پرائیویٹ اُمیدوار عاصمہ افضل نے 657نمبروں کے ساتھ دوسری پوزیشن اورشیخوپورہ سے پرائیویٹ اُمیدوار مقدس اعجاز نے 651نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ ان امتحانات میں لاہور سے ایک بھی طالبعلم کی پوزیشن نہیں آئی۔

پوزیشن ہولڈرز طلباء کے اعزاز میں منعقد ہونے والی تقریب میں عبوری وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر، کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر شاہد مُنیر، رجسٹرار ڈاکٹر خالد خان نے شرکت کی۔ تقریب میں ڈین ڈاکٹر شاہد کمال، ڈاکٹر تقی زاہد بٹ اور پنجاب یونیورسٹی شعبہ امتحانا ت کا عملہ بھی موجود تھا۔

پہلی پوزیشن پر یونیورسٹی کی جانب سے ایک لاکھ روپے نقد انعام جبکہ دوسری پوزیشن پر 75 ہزار اور تیسری پوزیشن پر 50 ہزار روپے نقد انعام دیا گیا۔

ان امتحانات میں شرکت کرنے والے طلباء وطالبات اپنے نتائج کی تفصیلات پنجاب یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر دیکھ سکتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *