پنجاب یونیورسٹی 5 جولائی سے دوبارہ کھولنے کا اعلان، گرمیوں کی چھٹیاں منسوخ
- June 21, 2017 3:07 pm PST
لاہور
پنجاب یونیورسٹی نے موسم گرما کی تعطیلات کے حوالے سے یونیورسٹی کو بند کرنے کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے 5 جولائی سے یونیورسٹی دوبارہ کھولنے کا اعلان کر دیا ہے اور طلباء و اساتذہ کو یونیورسٹی حاضر ہونے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
پنجاب یونیورسٹی کی سمیسٹر امپلیمنٹیشن کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر زکریا ذاکر کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ سمیسٹرز کو مکمل کرنے کے لیے پانچ جولائی سے دوبارہ یونیورسٹی کھولی جارہی ہے۔
اس دوران یونیورسٹی میں کلاسز کا آغاز اور امتحانات بھی منعقد کیے جائیں گے جبکہ طلباء کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ 4 اگست تک اپنے تھیسز بھی مکمل کر لیں۔ چیئرمین کمیٹی کی جانب سے جاری ہدایات میں شعبہ جات کے سربراہان کو کہا گیا ہے کہ وہ چار اگست سے پہلے اپنے اپنے سمیسٹرز مکمل کر لیں۔
واضح رہے کہ قائمقام وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر کی ہدایات پر پنجاب یونیورسٹی کو اچانک موسم گرما کی تعطیلات کے حوالے سے بند کر دیا گیا تھا اور یہ چھٹیاں 15 اگست کو ختم ہونا تھیں۔
پنجاب یونیورسٹی کے تمام کیمپسز میں اب کلاسز کا دوبارہ آغاز 5 جولائی سے ہوگا۔