پنجاب یونیورسٹی سنڈیکیٹ الیکشن کا شیڈول جاری کر دیا گیا

  • December 30, 2017 8:55 pm PST
taleemizavia single page

لاہور: آمنہ مسعود

پنجاب یونیورسٹی نے اساتذہ کی نشستوں پر سنڈیکیٹ کے الیکشن کا شیڈول جاری کر دیا ہے، رجسٹرار ڈاکٹر خالد خان کی جانب سے جاری کیے گئے مراسلے کے مطابق الیکشن 29 جنوری کو منعقد ہوں گے۔

پنجاب یونیورسٹی سنڈیکیٹ الیکشن پروفیسر، ایسوسی ایٹ پروفیسر، اسسٹنٹ پروفیسر اور لیکچررز کی نشستوں پر ہوں گے اور یونیورسٹی کے اساتذہ اپنے نمائندوں کو تین سال کے لیے سنڈیکیٹ کا ممبر منتخب کریں گے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ان چاروں نشستوں میں سے ایک نشست پر خاتون اساتذہ کا انتخاب کیا جانا ضروری ہے۔

پنجاب یونیورسٹی ایکٹ 1973ء کے تحت ان انتخابات کا انعقاد کیا جارہا ہے اور یونیورسٹی میں دو سال کی سروس کے حامل اساتذہ الیکشن میں حصہ لے سکتے ہیں۔ ان انتخابات کی نگرانی رجسٹرار پنجاب یونیورسٹی کریں گے۔

یونیورسٹی سنڈیکیٹ سے پروفیسر کی نشست پر ڈاکٹر عامر اعجاز، ایسوسی ایٹ کی نشست پر ڈاکٹر حافظ محمد رفیق، اسسٹنٹ پروفیسر جاوید سمیع اور لیکچرر کی نشست پر شمائلہ گل کی مدت رواں سال جون میں ختم ہوگئی تھی۔ اور چھ مہینے کی تاخیر سے سنڈیکیٹ الیکشن کا شیڈول جاری کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے 29 دسمبر کو ہونے والے سنڈیکیٹ کے اجلاس کو اساتذہ کی نمائندگی نہ ہونے کی بناء پر ملتوی کر دیا گیا تھا۔

پنجاب یونیورسٹی سنڈیکیٹ کے الیکشن کا اچانک اعلان ہونے پر اساتذہ کی تنظیموں کو جوڑ توڑ کرنے کے لیے صرف ایک مہینہ کا وقت ہے۔ اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن پنجاب یونیورسٹی کا الیکشن جیتنے والی اساتذہ کی تنظیم کو کارکردگی کی بناء پر سنڈیکیٹ کا الیکشن لڑنے کے لیے دشواری کا سامنا ہوسکتا ہے۔

خیال رہے کہ اے ایس اے کے موجودہ صدر جاوید سمیع اسسٹنٹ پروفیسر کی نشست پر سنڈیکیٹ کے ممبر رہے ہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *