پنجاب یونیورسٹی اور یو ای ٹی کے گجرانوالہ کیمپس ختم کرنے کا فیصلہ
- August 11, 2021 8:44 pm PST
آمنہ مسعود، لاہور
پنجاب حکومت کا یو ای ٹی اور پنجاب یونیورسٹی کا گجرانوالہ کیمپس ختم کرنے کا فیصلہ،،، دونوں یونیورسٹیوں کے کیمپس ختم کر کے یونیورسٹی آف گجرانوالہ بنائی جائے گی۔ حکومت نے 20 اگست کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔
پنجاب حکومت نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور پنجاب یونیورسٹی کے گجرانوالہ کیمپس کو ختم کر کے یونیورسٹی آف گجرانوالہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے اس ضمن میں محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے وزیر اعلی پنجاب کے حکم پر دونوں یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے گجرانوالہ یونیورسٹی بنانے کیلئے وائس چانسلرز کو آگاہ کر دیا ہے۔ پنجاب یونیورسٹی گجرانوالہ کیمپس کیلئے یونیورسٹی نے اپنے بجٹ سے زمین خرید کر تعمیر کیا تھا۔
حکومت نے یو ای ٹی اور پنجاب یونیورسٹی کے گجرانوالہ کیمپس ختم کرنے کیلئے پی سی ون کی تیاری کی 20 اگست کی ڈیڈ لائن دی ہے۔
مراسلہ کے مطابق پنجاب حکومت نے یونیورسٹی آف گجرانوالہ کیلئے 3 ہزار ملین روپے کی منظوری دے رکھی ہے تاہم جاری سال کیلئے تین سو ملین روپے کی گرانٹ مختص کی گئی ہے۔
پنجاب یونیورسٹی گجرانوالہ کیمپس 2005ء میں 81 کنال زمین خرید کر قائم کیا گیا۔پنجاب یونیورسٹی کے گجرانوالہ کیمپس میں 6 ہزار طلباء زیر تعلیم ہیں۔ پنجاب یونیورسٹی گجرانوالہ کیمپس میں 173 اساتذہ و ملازمین تعینات ہیں۔
حکومتی فیصلے پر پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے جبکہ گجرانوالہ کیمپس کو ختم کرنے کے خلاف مذمتی قرار داد منظور کر لی گئی ہے۔
پنجاب یونیورسٹی اے ایس اے نے حکومتی فیصلے کے خلاف احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے جس سے متعلق مزید فیصلے ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں ہوں گے۔
اے ایس اے کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر امجد مگسی نے تعلیمی زاویہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن حکومتی فیصلے کے خلاف احتجاج کریں گے اور اس حوالے سے ایگزیکٹو باڈی اور جنرل باڈی کے اجلاس میں اساتذہ کی مشاورت سے لائحہ عمل مرتب ہوگا۔