پنجاب یونیورسٹی: وائس چانسلر کے حامی گروپ کو اکیڈمک کونسل میں شکست
- August 17, 2017 10:25 pm PST
لاہور: آمنہ مسعود
پنجاب یونیورسٹی لاہور کی اعلیٰ ترین اکیڈمک باڈی کے سینئر ترین پروفیسرز نے وائس چانسلر کے حمایت یافتہ گروپ کو شکست دے دی۔ اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں ٹیچرز فرنٹ نے ایڈوانسڈ بورڈ کی تمام نشستوں پر وائس چانسلر گروپ کوہرایا ہے
کونسل کے اجلاس میں عبوری وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر کے حمایت یافتہ گروپ تنظیم اساتذہ اور پرو ایڈمنسٹریشن گروپ نے الائنس کر کے ٹیچرز فرنٹ کے خلاف الیکشن لڑا ہے۔۔۔تاہم الیکشن میں وائس چانسلر گروپ کو شکست ہوگئی ہے۔
الیکشن رزلٹ کے مطابق اکیڈمک کونسل نے بورڈ آف ایڈوانسڈ سٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ کی 3 نشستوں پر ٹیچرز فرنٹ کے ڈاکٹر عامر اعجاز، ڈاکٹر قاضی جاوید اور ڈاکٹر فخر الحق نوری نے کامیابی حاصل کی۔ الیکشن میں یونیورسٹی کی پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کمیٹی کی2 نشستوں پر ڈاکٹر شاہد کمال اور ڈاکٹر مبین عالم نے کامیابی حاصل کی۔
ڈاکٹر مبین عالم وائس چانسلر کے حمایت یافتہ گروپ تنظیم اساتذہ کی جانب سے الیکشن لڑ رہے تھے۔
وائس چانسلر کے حمایت یافتہ گروپ سے انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن ایںڈ ریسرچ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رفاقت علی اکبر، سپیس سائنس ڈیپارٹمنٹ سے ڈاکٹر عامر محمود اور شعبہ باٹنی سے ڈاکٹر فردوس بریں کو الیکشن میں شکست ہوئی ہے۔
دوسری جانب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کمیٹی میں شعبہ سیاسیات کی چیئرپرسن ڈاکٹر عنبرین جاوید کو شکست ہوئی ہے۔
عبوری وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر کی جانب سے ٹیچرز فرنٹ کے 2 اُمیدواروں ڈاکٹر ساجد رشید اور ڈاکٹر محبوب حسین کو الیکشن لڑنے سے روک دیا گیا۔
مذکورہ دونوں اُمیدواروں کو اجلاس میں نہ ہونے کے باعث الیکشن کے لیے نااہل قرار دیا گیا۔ پنجاب یونیورسٹی کے کیلنڈر کی شق پانچ کی ذیلی شق چار کے تحت دونوں پروفیسرز غیر موجودگی میں بھی الیکشن لڑ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ عبوری وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر کی موجودگی میں ہی یہ الیکشن منعقد کرائے گئے ہیں۔ پنجاب یونیورسٹی کی اعلیٰ ترین اکیڈمک باڈی نے عبوری وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔
اس اعلیٰ ترین باڈی میں یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات کے صدور، چیئرمینز، ڈائریکٹرز اور کالجوں کے پرنسپلز شامل ہیں جنہوں نے وائس چانسلر کے حمایت یافتہ گروپ کو شکست دی ہے۔